لاہور(نمائندہ سپورٹس) پاکستان رگبی یونین کے زیراہتمام پنجاب پولیس کے تعاون سے 23 ویں نیشنل سیونز رگبی چیمپئن شپ کل سے پنجاب فٹ بال سٹیڈیم میں شروع ہو رہی ہے۔ دو روزہ چیمپئن شپ میں پاکستان بھر سے دس ٹیمیں شریک ہیں۔گزشتہ روز پاکستان رگبی یونین کے ہیڈ کوچ شکیل احمد اور مینجر ایجوکیشن اینڈ ٹریننگ سید معظم علی شاہ نے پنجاب سٹیڈیم کا دورہ کیا اور چیمپئن شپ کے انتظامات کو حتمی شکل دی۔ سید معظم علی شاہ کا کہنا تھا کہ پنجاب پولیس کے تعاون سے بہترین طریقے سے نیشنل سیونز چیمپئن شپ منعقد کروائیں گے۔ چیمپن شپ میں کل 24 میچز کھیلے جائیں گے۔ تمام انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں۔ ٹیمیں آج سے لاہور پہنچنا شروع ہو جائیں گی۔ چیمپئن شپ میں پاکستان رگبی یونین کے سینئر آفیشلز میچز کو سپروائز کریں گے۔ پول اے میں ایچ ای سی، آرمی، اسلام آباد، بلوچستان اور کے پی کے شامل ہیں جبکہ پول بی میں پولیس، پنجاب بلیوز، پنجاب وائٹس، فاٹا اور سندھ شامل ہیں۔ پاکستان رگبی یونین کے صدر فوزی خواجہ کے مطابق ٹورنامنٹ میں پاکستان بھر سے بڑی تعداد میں ٹیمیں شرکت کر رہی ہیں جو کہ خوش آئند بات ہے۔ پاکستان میں رگبی کافی مشہور کھیل بن چکا ہے۔خاص کر پنجاب میں بوائز اور گرلز دونوں کی مضبوط رگبی کی ٹیمیں موجود ہیں۔ اس ٹورنامنٹ کے بعد امید ہے کہ سیونز رگبی کھلاڑیوں کا پول کافی وسیع ہو جائے گا اور نیشنل سیونز ٹیم بنانے میں بھی کافی آسان ہوگی۔
نیشنل سیونز رگبی چیمپئن شپ کل سے شروع ہو گی
Apr 01, 2016