اسلام آباد(وقائع نگار خصوصی) عالمی عسکری اتحاد مسلم امہ کے اتحاد ، سلامتی اور بقاءکا ضامن ہو گا ۔ اتحاد کو فرقہ وارانہ رنگ دینے کی کوشش افسوسناک ہے ۔ عالمی اسلامی عسکری اتحاد سعودی عرب کی قیادت میں اڑتالیس اسلامی ممالک پر مشتمل ہے ،اڑتالیس اسلامی ممالک نے جنرل راحیل شریف کی خدمات کا اعتراف کیا ہے۔ بعض عناصر جنرل راحیل شریف اور سعودی عرب کو متنازعہ بنانے کیلئے بے بنیاد پراپوگنڈہ کر رہے ہیں۔ جنرل راحیل شریف کا عالمی اتحاد کا سربراہ بنانا پاکستان کیلئے فخر ہے ۔ یہ بات پاکستان علماءکونسل کے مرکزی چیئرمین اور وفاق المساجد پاکستان کے صدر حافظ محمد طاہر محمود اشرفی اور مرکزی سیکرٹری جنرل مولانا عبد الحمید وٹو نے اسلام آباد میں مختلف مکاتب فکر کے علماءو مشائخ کے وفود سے پیغام اسلام کانفرنس کے سلسلہ میں گفتگو کرتے ہوئے کہی ۔ حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ یورپی ممالک نیٹو فورس بنا سکتے ہیں تو اسلامی ممالک عالمی اسلامی عسکری اتحاد کیوں نہیں بنا سکتے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک آزاد خود مختار ملک ہے اور اسے اپنی خارجہ اور داخلہ پالیسی اپنے مفادات کو سامنے رکھتے ہوئے بنانی ہے ۔ جنرل راحیل شریف کسی فرقہ کے نہیں عالم اسلام کے اڑتالیس ممالک کے اتحاد کی سر براہی کیلئے جا رہے ہیں۔
عالمی عسکری اتحاد مسلم امہ کے اتحاد ، سلامتی اور بقاءکا ضامن ہو گا
Apr 01, 2017