اسلام آباد+ لاہور (نوائے وقت رپورٹ+ خصوصی نامہ نگار) اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے کہا ہے کہ پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ ظلم ہے۔ اندرونی و بیرونی قرضوں کا بوجھ عوام پر ڈال دیا گیا ہے۔ حکومت غریب عوام سے جینے کا حق بھی چھین رہی ہے۔ عوام بدترین لوڈ شیڈنگ، مہنگائی اور بیروزگاری کا شکار ہیں۔ حکومت مصنوعی اعداد و شمار سے عوام کو دھوکہ نہ دے۔ گیلپ سروے والے ٹھنڈے کمروں میں بیٹھ کر سروے نہ بتائیں گیلپ سروے والے کچھ دن 18، 20 اور 22 گھنٹے لوڈ شیڈنگ والے علاقوں میں گزاریں۔ سابق گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کو غر یبوں پر ’’پٹرول بم ‘‘قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ حکمران قوم کو کس جر م کی سزا دے رہے ہیں ‘ تحر یک انصاف عوام دشمن حکومتی پالیسوں کیخلاف پار لیمنٹ سمیت ہر فورم پر احتجاج کریگی ‘تحر یک انصاف کر پشن کے خلاف اپنے اصولی موقف سے کسی صورت پیچھے نہیں ہٹیں گی۔ وہ جمعہ کو اپنے دفتر میں تحر یک انصاف کے وفود سے گفتگو کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ حکمران لوڈشیڈ نگ کا جن قابو نہیں کر رہے جسکی وجہ سے گرمیوں کے آغاز میں ہی بدتر ین لوڈشیڈ نگ شروع ہوگئی ہے۔ ہزارہ ڈیموکریٹک پارٹی کے بیان میں کہا گیا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ایک مرتبہ پھر اضافے سے حکومتی کارکردگی اور معاشی ترقی کے دعوے بے نقاب ہوگئے۔ بیان میں پیٹرولیم مصنوعات کی حالیہ قیمتوں میں اضافے کے فیصلے کو واپس لینے کا مطالبہ کیا گیا۔تحریک انصاف پنجاب کے صدر اعجاز چودھری، ممبر قانون ساز اسمبلی آزاد کشمیر غلام محی الدین دیوان و دیگر پی ٹی آئی رہنمائوں نے کہا ہے کہ پٹرول کی قیمتوں میں اضافہ ڈرون حملہ سے کم نہیں ہے۔