مسئلہ کشمیر کا حل کشمیریوں کی اُمنگوں اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق نکالا جائے: ناروے

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) ناروے نے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اس بات کا اعادہ کیا ہے کہ جموں و کشمیر کے مسئلے کا حل کشمیری عوام کی اُمنگوں اور اقوام متحدہ کی قرادادوں کے مطابق سیاسی حل نکالا جائے۔ تفصیلات کے مطابق ناروے کے سابق وزیر اعظم مسٹر کجیل مانگے بونڈویک نے آزاد کشمیر کا دورہ کیا اس دوران آزاد کشمیر کی سیاسی قیادت سے ملاقاتیں کیں جہاں آزاد جموں کشمیر کی تازہ ترین صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ناروے کے سابق وزیر اعظم صدر اور وزیر اعظم آزاد کشمیر سے بھی ملے اس دوران انہیں بھارتی افواج کی مقبوضہ کشمیر میں جاری مظالم پر بریفنگ دی گئی ناروے کے سابق وزیر اعظم کو بتایا گیا کہ مقبوضہ وادی میں بھارتی بربریت اور ظلم و ستم کی وجہ سے یہاں کی مقامی آبادی گذشتہ ستر سالوں سے شدید مشکلات کا شکار ہے۔ صدر سردار مسعود خان اور وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر نے اس موقع پر عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ظلم وستم رکوانے کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کرے ناروے کے سابق وزیر اعظم کو لائن آف کنٹرول پر بھارتی گولہ باری سے ہونے والے نقصانات اور یہاں کی مقامی آبادی کو درپیش مسائل سے بھی آگاہ کیا گیا ۔بعد ازاں ناروے کے سابق وزیر اعظم نے آزاد کشمیر کے دارلحکومت مظفر آباد میں مہاجرین کے کیمپوں کا بھی دورہ کیا اس دوران مہاجرین کی طرف سے انہیں ہجرت کی وجوہات سے آگاہ کیا گیا۔ مہاجرین کے کیمپوں کے دورے کے بعد ناروے کے وزیر اعظم مسٹر کجیل مانگے بونڈویک نے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اس بات کا اعادہ کیاے کہ جموں و کشمیر کے مسئلے کا حل کشمیری عوام کی اُمنگوں اور اقوام متحدہ کی قرادادوں کے مطابق سیاسی حل نکالا جائے ناروے کے سابق وزیر اعظم کو اس دورے کی دعوت آزاد کشمیر کے صدر سردار مسعود خان نے دی تھی۔

ای پیپر دی نیشن