سندھ ہائی کورٹ نے کراچی میں ہیوی ٹریفک کے داخلے پر پابندی لگا دی

Apr 01, 2017

کراچی(صباح نیوز)سندھ ہائیکورٹ نے کراچی میں ہیوی ٹریفک کے داخلے پر پابندی عائد کر دی۔ جمعہ کوعدالت نے کہا ہیوی ٹریفک سے بھی دہشت گردی پھیلائی جارہی ہے۔ 15ماہ میں 250 افراد کو ٹریفک حادثات میں ماردیا گیا۔ہیوی ٹریفک کے داخلے پر پابندی کے کیس میں سندھ ہائی کورٹ نے سیکرٹری ٹرانسپورٹ کی رپورٹ پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے باقاعدہ پالیسی بنانے کی ہدایت کی۔سیکرٹری ٹرانسپورٹ نے عدالت کو بتایاکہ گرین لائن کابہت بڑامنصوبہ ہے،نئی ساڑھے 6 سو بسیں شہر میں لائی جارہی ہیں۔جسٹس ندیم اختر نے سیکرٹری ٹرانسپورٹ کی رپورٹ پر کہا یہ صرف کاغذی کارروائی ہے باقاعدہ پالیسی بنا کر لائیں۔ کراچی سب کا ہے،جو دوسرے شہروں سے آتے ہیں ان کا بھی مساوی حق ہے۔عدالت نے حکم دیا ٹول پلازہ سے پہلے ہیوی ٹریفک کی دستاویزات، ڈرایئونگ لائسنس چیک کرنے کاپوائنٹ بنایا جائے،صبح 6سے رات11بجے تک ہیوی ٹریفک کوشہر میں داخلے کی اجازت نہ دی جائے۔عدالت نے کہا پبلک ٹرانسپورٹ کیلئے اوقات کار بھی مقرر ہونے چاہئیں۔ شہریوں کے مسائل کے حل کیلئے کیا ہورہا ہے؟ دہشت گردی سے زیادہ لوگ ہیوی ٹریفک کے حادثات میں مررہے ہیں۔ ایسے واقعات میں دہشت گردی کا مقدمہ درج ہونا چاہئے۔

مزیدخبریں