کراچی (نوائے وقت رپورٹ) سیشن جج کراچی نے ایس ایس پی ملیر رائو انوارکیخلاف مقدمہ درج کرنے کا حکم دیدیا۔ رائو انوار کے خلاف سابق ایس ایس پی نیاز کھوسہ نے درخواست دائر کی تھی۔ درخواست گزار کا مؤقف ہے کہ ایس ایس پی رائو انوار نے سکھر جاتے ہوئے میرے بیٹے کو اغوا کیا۔ عدالت نے حکم دیا ہے کہ قابل دست اندازی جرم بنتا ہے تو قانون کے تحت ایف آئی آر درج کی جائے۔ درخواست گزار کا مؤقف ہے کہ میرے بیٹے محراب خان کھوسہ کے اغوا کا مقدمہ بھی درج نہیں کیا جارہا۔ محراب خان اینٹی انکروچمنٹ پولیس میں سب انسپکٹر کے عہدے پر تعینات ہے۔ عدالت نے ایس ایچ او گڈاپ سٹی کو مدعی کا بیان ریکارڈ کرنے کا حکم دیا ہے۔
ایس ایس پی ملیر رائو انوار کیخلاف اغوا کا مقدمہ درج کرنے کا حکم
Apr 01, 2017