پشاور (آئی این پی) وزیراعلیٰ خیبر پی کے پرویزخٹک نے کہا ہے کہ پنجاب اور خیبر پی کے کے میٹرو منصوبے میں زمین آسمان کا فرق ہے، پشاور میں 4سے 5لاکھ افراد روزانہ میٹرو بس میں سفر کریں گے، منصوبے سے کسی کے کاروبار کو نقصان نہیں ہوگا، 214میگاواٹ پن بجلی کے منصوبے پر کام شروع کردیا ہے، 350میگاواٹ کے منصوبوں پر 70سے 80فیصد کام مکمل ہوچکا۔ پنجاب اور سندھ میں اربوں روپے کی سبسڈی دی جارہی ہے، ہمارے منصوبوں میں کوئی سبسڈی نہیں ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے زیادہ سے زیادہ پانی سے بجلی پیدا کرنے کی کوشش کی، پانی سے 50ہزار میگاواٹ بجلی پیدا کی جاسکتی ہے۔ 179 میگاواٹ منصوبے کیلئے ورلڈ بنک سے جلد معاہدہ ہوجائے گا۔ پرویزخٹک نے کہا کہ بس کے ساتھ ساتھ سائیکل کی بھی سہولت ملے گی، علاوہ ازیں پارکنگ پلازہ منصوبے 2ارب 31کروڑ میں بنیں گے، یہ صرف تخمینہ ہے تبدیلی ہوسکتی ہے۔