پانی و بجلی سمیت چار محکموں کے سیکرٹری تبدیل‘ نیب نے تین نئے ڈی جی تعینات کر دیئے

Apr 01, 2017

اسلام آباد،ملتان (وقائع نگار خصوصی +نوائے وقت رپورٹ +کرائم رپورٹر) چیئرمین نیب قمر زمان چوہدری کی منظور ی سے نیب میں تقرروتبادلے کرتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل نیب کے پی کے میجر(ر) سلیم شہزاد کو ڈی جی لاہور تعینات کردیا گیا ہے جبکہ ڈی جی ملتان برگیڈیئر (ر) فاروق نصیر اعوان کو ڈی جی کے پی کے لگایا گیا ہے ۔ ڈائریکٹر ملتان عبدالحفیظ نئے ڈی جی کی تعیناتی تک بطور قائمقام ڈی جی فرائض سرانجام دیں گے ۔ نیب ہیڈ کوآرٹرز نے مذکورہ تقرروتبادلوں کے نوٹیفکیشن جاری کردیے ہین ۔ واضح رہے کہ سپریم کورٹ کے احکامات کی روشنی میں نیب کے لاہور اور کراچی کے ڈائریکٹر جنرل اور ڈی جی آگاہی وتدارک عالیہ رشید کو عہدوں سے ہٹا دیا گیا ۔دوسری طرف وزارت داخلہ نے آئی جی اسلام آباد طارق مسعود یاسین کی خدمات اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کو واپس کر دی تھیں جنہیں اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے او ایس ڈی بنا دیا ہے جبکہ ڈی آئی جی خالد خٹک کو اسلام آباد پولیس کا قائمقام آئی جی تعینات کیا گیا۔ اس سلسلہ میں اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے باضابطہ طور پر نوٹیفکیشن جاری کر دیئے ہیں۔دریں اثناءوزیراعظم نوازشریف نے 4 وفاقی سیکرٹریز کے تبادلوں کی منظوری دیدی۔ سیکرٹری پانی و بجلی یونس ڈھاگہ کو وفاقی سیکرٹری تجارت لگا دیا گیا ہے۔ ان کی جگہ یوسف نسیم کھوکھر کو وفاقی سیکرٹری وزارت پانی و بجلی تعینات کیا گیا ہے۔ سکندر سلطان راجہ کو ایڈیشنل سیکرٹری انچارج ایوی ایشن تعینات کیا گیا ہے۔ سیکرٹری وزارت تجارت عظمت رانجھا کو اسٹیبلشمنٹ ڈویژن رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ عرفان الٰہی سیکرٹری وزارت منصوبہ بندی تعینات کئے گئے ہیں۔
تبادلے

مزیدخبریں