آرمی چیف سے عمران خان کی ملاقات....ایک گھنٹہ جاری رہی‘ عمران نے ترقی اور تعیناتی پر آرمی چیف کو مبارکباد دی آئی ایس پی آر

Apr 01, 2017

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر + نوائے وقت رپورٹ) ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے ملاقات کی جس میں مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ عمران نے ترقی اور تعیناتی پر آرمی چیف کو مبارکباد دی۔ اس موقع پر مختلف امور پر تبادلہ خیال ہوا۔ دریں اثناءترجمان تحریک انصاف نعیم الحق نے کہا ہے کہ عمران خان اور آرمی چیف قمر جاوید باجوہ کے درمیان ملاقات ایک گھنٹہ جاری رہی۔ عمران خان نے آرمی چیف کو پاک فوج کا سربراہ بننے پر مبارکباد دی۔ ملاقات میں قومی اور عالمی معاملات زیر غور آئے۔ اس کے علاوہ دہشت گردی کے خلاف جنگ، افغان مہاجرین کا معاملہ، آپریشن ردالفساد اور خیبر پی کے کے مسائل پر بات چیت ہوئی۔ آرمی چیف اور عمران خان کی ملاقات بہت اچھے اور خوشگوار ماحول میں ہوئی جس میں گرم جوشی شامل تھی۔ تحریک انصاف کے ترجمان فواد چودھری کے مطابق آرمی چیف سے عمران کی ملاقات ایک گھنٹہ تک جاری رہی۔ جہانگیر ترین بھی موجود تھے۔

راولپنڈی (نوائے وقت رپورٹ) آرمی چیف قمر جاوید باجوہ نے منگلا کے قریب پبی میں نیشنل کا¶نٹر ٹیررزم سنٹر کا دورہ کیا‘ انسداد دہشتگردی سنٹر میں آرمی چیف نے ٹیم سپرٹ مقابلوں کا جائزہ لیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے غیر ملکی ٹیموں سے ملاقات کی۔ آرمی چیف نے کہا کہ دہشتگردی پوری دنیا کو متاثر کر رہی ہے۔ دہشتگردی کیخلاف اجتماعی ردعمل کی حکمت عملی کی ضرورت ہے‘ دہشتگردی کیخلاف مشترکہ کوششوں کی ضرورت ہے۔ پاکستان امن پسند ملک ہے۔ پاکستان نے امن و استحکام کےلئے اہم کردار ادا کیا‘ دنیا امن و استحکام کیلئے ہماری کوششوں کو تسلیم کرتی ہے۔ غیر ملکی ٹیموں کی یہاں موجودگی ہماری کوششوں کو تسلیم کئے جانے کا ثبوت ہے۔ پاکستان کو تنہا کرنے کی کوششیں دھری رہ جائینگی‘ پاکستان کو تنہا کرنے کا پروپیگنڈا کرنے والے دیکھیں گے کہ عالمی دوست ہمیں کتنی اہمیت دیتے ہیں۔ پاکستان آرمی ٹیم سپرٹ کمیشن مقابلوں میں پاک آرمی کی ٹیم کے ساتھ دیگر 10ممالک کی ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔ جن ممالک کی ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں ان میں چین‘ انڈونیشیا‘ اردن‘ ملائیشیا‘ مالدیپ‘ میانمار‘ سری لنکا‘ ترکی‘ تھائی لینڈ اور برطانوی فوج کی ٹیمیں شریک ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ مقابلے جسمانی فٹنس اور مہارت کو ٹیسٹ کرنے کا بہترین طریقہ ہیں۔ 3روز تک جاری رہنے والے مقابلوں میں انسداد دہشتگردی کے مختلف آپریشنز شامل ہیں۔
آرمی چیف

مزیدخبریں