سرینگر (این این آئی‘ کے پی آئی)مقبوضہ کشمیر کے ضلع اسلام آباد میں حملے میں بھارتی سپیشل پولیس کا افسر ہلاک ہوگیا۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق نامعلو افراد نے ضلع کے علاقے کھنہ بل میں بھارتی پولیس کی ایک پارٹی پر فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں ایک اہلکار شدید زخمی ہو گیا۔ توراگ سنگھ نامی اہلکار کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ بھارتی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لیکر حملہ آوروں کی تلاش شروع کر دی۔ کئی علاقوں میں بھارتی مظالم کیخلاف مظاہرے کئے گئے‘ بارہمولہ میں بھارتی فوج نے 4 نوجوانوں کو حراست میں لے لیا۔ لبریشن فرنٹ کے چیئرمین یاسین ملک نے کہا ہے اتحاد اور یکسوئی کامیابی کی کنجیاں جبکہ نااتفاقی اور انتشار اس کیلئے سم قاتل ہیں۔ شہید کشمیر اشفاق مجید وانی نے کشمیر کی تاریخ کو بدل دیا اور آزادی و حق خوداختیاری کیلئے ایک عظیم عوامی انقلاب کی داغ بیل ڈالی۔ بھارتی بارڈر سکیورٹی فورس بی ایس ایف کے ڈائریکٹر جنرل کے کے شرما نے الزام عائد کیا ہے کہ جنگجوﺅں کا بھارتی حدود میں دراندازی کرنا پاکستانی فوج اور رینجرز کے فعال تعاون کے بغیر ناممکن ہے۔ انہوں نے جیش محمد اورلشکر طیبہ کے درمیان ہونے والے مبینہ اتحاد کو غیرمقدس اتحاد قرار دیتے ہوئے کہا کہ بی ایس ایف کسی بھی چیلنج سے نمٹنے کیلئے تیار ہے۔ نوجوانوں کو فیصلہ لینے کیلئے باصلاحیت قرار دیتے ہوئے تحریک حریت کے چیئرمین محمد اشرف صحرائی نے کہا کہ موجودہ دور کے نوجوان شیخ عبداللہ کے دور کے نوجوان نہیں ہیں جنہوں نے اندھی تقلید میں ان پر سب کچھ چھوڑ دیا۔ انہوں نے واضح کیا مسئلہ کشمیر حل کرنے سے ہی برصغیر میں امن قائم ہوگا۔ مقبوضہ وادی میں 15 برسوں کے دوران بندوق کی بھینٹ چڑھے 318 بچوں سے متعلق رپورٹ دہشت جموں کشمیر میں تشدد سے متاثر ہوئے اطفال کو منظرعام پر لاتے ہوئے انسانی حقوق پاسداری گروپ کولیشن آف سیول نے دعویٰ کیا ہے کہ آج تک ان جرائم میں ملوث کسی بھی مجرم کو سزا نہیں دی گئی۔ کولشن آف سیول سوسائٹی نے 66 صفحات پر مشتمل رپورٹ جاری کردی۔ رپورٹ میں کہا گیا گزشتہ 15 برسوں کے دوران بچوں کی ہلاکتیں اس بات کی عکاسی کرتی ہیں کہ جنگجو یانہ سرگرمیوں پر قابو پانے کیلئے بچے ریاستی تشدد کے براہ راست نشانہ بن رہے ہیں۔سرینگر کے علاقے مائسمہ میں مسلمانوں نے ایک ہندو کی آخری رسومات انجام دیں۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بھارتی شہر امرتسر کا رہائشی 37 سالہ راج کمار سرینگر میں کاروبار کرتا تھا۔ اننت ناگ ضلع میں مارے گئے پولیس افسر کا نام اشرف اور زخمی ہونیوالا تری لوک سنگھ ہے۔ پولیس نے الزام لگایا عسکریت پسندوں نے مشتاق شیخ کے گھر میں گھس کر فائرنگ کی جو مارا گیا جبکہ بیوی زخمی ہو گئی تھی۔
رپورٹ