غزہ کی پٹی میں نہتے فلسطینی مظاہرین پر اسرائیلی گولہ باری سے شہید افراد کی تعداد 20 ہوگئی

Apr 01, 2018

غزہ (اے این این +آن لائن +نیٹ نیوز) غزہ کی پٹی میں نہتے فلسطینی مظاہرین پر اسرائیلی گولہ باری سے شہید افراد کی تعداد 20 ہوگئی ہے۔ فلسطینیوںنے عظیم واپسی کے نام سے چھ روز احتجاجی کیمپ لگا دیا ہے۔ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوئتریس نے اسرائیلی سرحد کے قریب شیلنگ سے 20 فلسطینیوں کی شہادت کے واقعے کی آزادانہ تحقیقات کرانے کا کہا ہے۔ 1500 سے زائد فلسطینی زیرعلاج ہیں اور ہسپتال زخمیوں سے بھر گئے ہیں۔ یوم الارض کے موقع پر غزہ اور اسرائیل کی سرحد پر شروع ہونے والے یہ مظاہرے شدت اختیار کرتے جا رہے ہیں۔ جامعہ الازھر کا کہنا ہے طاقت کا اندھا دھند استعمال ناقابل قبول ہے۔ سلامتی کونسل نے غزہ پٹی اور اسرائیل کے درمیان سرحد پر کشیدہ صورت حال پر بحث کیلئے ایک بند کمرے کا ہنگامی اجلاس منعقد کیا تاہم یہ اجلاس ارکان کے مشترکہ بیان پر عدم اتفاق کے ساتھ اختتام پذیر ہو گیا۔ اجلاس میں اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے معاون برائے سیاسی امور تائیبروک زیریہون نے کہا کہ آئندہ دنوں میں صورت حال مزید بگڑ جانے کا اندیشہ ہے۔ اقوام متحدہ میں فرانسیسی مندوب کا کہنا تھا "یقیناً اس وقت حقیقی جارحیت (کشیدگی) کا سامنا ہے۔ غزہ پٹی میں ایک نیا تنازع جنم لینے کا امکان ہے۔امریکہ اور برطانیہ نے اجلاس کے انعقاد کے وقت کے حوالے سے افسوس کا اظہار کیا ۔ امریکی نمائندے نے کہا کہ جانی نقصان پر گہرا رنج محسوس کر رہے ہیں۔ فلسطینی صدر محمود عباس نے فلسطینی مظاہرین کی شہادت کی "تمام تر ذمے داری" اسرائیلی حکومت پر عائد کی ہے۔ انہوں نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا نہتے فلسطینی عوام کو تحفظ فراہم کیا جائے۔ترک صدر رجب طیب اردگان نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ٹیلی فون پر بات چیت کی ہے جس میں دونوں سربراہان نے دو طرفہ اور علاقائی معاملات پر تبادلہ خیال کیا۔ قابض صہیونی فوج نے فلسطین کے مقبوضہ بیت المقدس شہر سے دو کم عمر فلسطینی بچوں کو حراست میں لیا ہے۔ ان پر شمالی بیت المقدس میں بیت حنینا میں یہودی آبادکاروں کی ایک بس پر سنگ باری کا الزام عائد کیا گیا ہے۔غزہ میں ان کے آبائی علاقوں میں سپردخاک کر دیا گیا۔ فلسطینی میڈیا کے مطابق شہید ہونے والے فلسطینیوں کے جنازوں میں ہزاروں فلسطینیوں نے شرکت کی۔ اس موقع پر انتہائی رقت آمیز مناظر دیکھنے کو ملے اور شہری سخت مشتعل دکھائی دے رہے تھے ۔ ملک بھر میں سوگ منایا گیا ملک بھر میں کاروباری اور تعلیمی سرگرمیاں معطل رہیں۔اسرائیلی سرحد کے قریب یہودی فوجیوں کی فائرنگ سے مزید 15 فلسطینی زخمی ہوگئے۔اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے سرحدوں کی حفاظت پر فوج کو شاباش دی ہے۔

غزہ

مزیدخبریں