لاہور+اسلام آباد ( خصوصی نامہ نگار+این این آئی ) مسیحی برادری آج اتوار کوملک بھر میں اپنا مذہبی تہوار ایسٹر روایتی جوش و خروش سے منائیگی۔ اس موقع پر تقریبات کا آغاز گزشتہ شپ ہی شروع ہو گیا، جسکے تحت گرجا گروں پر چراغاں کیا گیا اور شمعیں روشن کی جائیں گی، جبکہ گرجا گھروں میں خصوصی عبادات کا اہتمام بھی کیا جائیگا اور ملک و قوم کی سلامتی کی دعائیں مانگی جائیں گی۔این این آئی کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے ایسٹر کے تہوار کے موقع پر مسیحی برادری کو مبارکباد دیتے ہوئے اپنے پیغام میں کہا کہ ہم مسیحی برادری کی خوشیوں میں برابر کے شریک ہیں۔ ایسٹر اپنی ذات سے بالا تر ہو کر بے آسرا اور مستحق افراد کیساتھ وقت گزارنے اور خوشیاں بانٹنے کا نام اور اللہ تعالیٰ کی رضا حاصل کرنے کا ذریعہ ہے۔دریں اثناء سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے ایسٹر کے پر مسرت موقع پر مسیحی برادری سے تعلق رکھنے والے اراکین پارلیمنٹ اور برادری کو مبارکباد دی ہے۔ انہوں نے دعا کی کہ ایسٹر پوری مسیحی برادری کے لئے خوشیوں اور خوشحالی کا پیغام ثابت ہو ۔دریں اثناء سابق صدر آصف علی زرداری نے ایسٹر کے موقع پر ساری دنیا کے مسیحیوں کو بالعموم اور پاکستان کی مسیحی برادری کو بالخصوص مبارکباد دی ہے۔ اپنے تہنیتی پیغام میں انہوں نے کہا اپنی اور پیپلزپارٹی کی جانب سے تمام مسیحی بھائیوں بہنوں کو ایسٹر پر مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ سابق صدر نے مسیحی برادری کی جانب سے جمہوریت ، سماجی انصاف اور انسانی حقوق کے لئے پاکستان بھر میں جدوجہد کرنے پر انہیں خراج تحسین پیش کیا۔