عوام مسائل کا حل چاہتے ہیں کیوں نکالا سے غرض نہیں: بلاول

Apr 01, 2018

سانگھڑ (ایجنسیاں+ نوائے وقت رپورٹ) بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ جب بھی نوازشریف اقتدار میں ہوتے ہیں عوام کو پیاسا رکھتے ہیں، لاہور میں پھول تو اُگ جاتے ہیں لیکن عوام کو پینے کا پانی نہیں ملتا۔ سانگھڑ میں تقریب سے خطاب کے دوران بلاول نے کہا کہ عوام کے بنیادی مسائل تعلیم، صحت، روزگار اور صاف پانی ہیں، عوام کو اس سے کوئی غرض نہیں کسی کو کیوں نکالا گیا۔ وہ خوشحالی، روزگار، روٹی، کپڑا اور مکان چاہتے ہیں۔ مسلم لیگ (ن) اور انکے اتحادی ہوں یا تحریک انصاف، ان نام نہاد پارٹیوں نے صرف گالی اور الزامات کی سیاست کی، ان کے پاس عوام کے مسائل کے حل کیلئے نہ تو کوئی منشور ہے اور نہ ہی صلاحیت۔ ہم نے تعلیم کے میدان میں کام کیا، نئی یونیورسٹیاں اور میڈیکل کالج بنائے۔ مسلم لیگ (ن) کی ملک دشمن پالیسی کی وجہ سے امیر امیر تر اور غریب غریب تر ہو رہا ہے لیکن ہم نے غربت کم کرنے کیلئے غریب خواتین کو کاروبار کیلئے قرضے دئیے۔ پورا ملک پانی کی کمی کا شکار ہے لیکن سندھ سب سے زیادہ متاثر ہے، ارسا سندھ کو اپنے حصے کا پانی نہیں دے رہا اور اسکے حق کیلئے ترسا رہا ہے۔ ہم صوفی ازم کے ماننے والے ہیں لیکن ہمیں سیاست کو پیری مریدی سے الگ کرنا ہوگا۔ ظالم حکمرانوں نے غربت نہیں غریب مٹانے کا فیصلہ کیا ہے، عوام اپنے مسائل کا حل چاہتے ہیں۔ مسلم لیگ (ن) اٹھارویں ترمیم پر حملے کررہی ہے جو اختیار صوبوں کو منتقل ہوا ہے انہیں واپس لینے کی سازش ہو رہی ہے، پی پی یہ برداشت نہیں کرے گی۔ وفاق سندھ کو پانی کیلئے ترسا رہا ہے۔ سانگھڑ کو تباہ کرنے والا کوئی اور نہیں فنکشنل لیگ ہے ، گرینڈ الائنس سیاسی یتیموں کا ٹولہ ہے جو اِدھر اُدھر پھر رہا ہے ، یہ سب لوگ وزیر مشیر اور وزیراعلیٰ رہے، گھوٹکی کے عوام نے انہیں انکی حیثیت دکھا دی ہے۔ (ن) لیگ والوں سن لو، تم نے اِنکم سپورٹ پروگرام سے بینظیر بھٹو کی تصویر تو ہٹادی ہے لیکن اسے دلوں سے کیسے نکالو گے؟ سب کچھ ٹھیک نہیں ہوا ، ہمیں ابھی آپکی اور خدمت کرنی ہے۔

مزیدخبریں