گجرات، کوٹلہ ارب علی خاں، لاہور (نامہ نگاران+ خصوصی رپورٹر) سیکورٹی گارڈ نے تیسری شادی کیلئے راضی نہ ہونے پر 7 سالہ بیٹی، تین بھتیجے، بھتیجیوںاور بھاوج کو گولیاں مار کر قتل کرنے کے بعد خود کو گولی مار کر خودکشی کرلی۔ تفصیلات کے مطابق نواحی گائوں بھدر میں 45 سالہ بنک کے سیکورٹی گارڈ مبشر بٹ نے اپنی بھابی 30 سالہ مقدس، اسکے بچوں 6 سالہ فاطمہ، 3 سالہ زین ایک اور بھتیجے ہاشر رفیق اور اپنی 7 سالہ بیٹی مناہل ایمان کو بیدردی سے گولیاں مار کر موت کے گھاٹ اتار دیا۔ مرنیوالوں میں بچوں کی عمریں 3 سے 8 سال کے درمیان ہیں جن کی نعشوں کو پولیس نے پوسٹمارٹم کیلئے ہسپتال پہنچا کر تحقیقات شروع کردی ہیں۔ اہل علاقہ کے مطابق ملزم مبشر نے دو شادیاں کر رکھی تھیں اور وقوعہ کے وقت اسکی بیوی فوزیہ اور والدہ زرینہ بی بی نے بھاگ کر جان بچائی جبکہ ایک بھائی یاسر رفیق کھیتوں میں ہونے کی وجہ سے بچ گیا، تین بھائی مدثر، قیصر روزگار کے سلسلہ میں بیرون ملک دوبئی میں مقیم تھے جو واقعہ کی خبر سنتے ہی وطن واپس پہنچ گئے۔ تھانہ ککرالی نے مقتول مبشر بٹ کے بھائی یاسر رفیق کی رپورٹ پر چھ افراد کے قتل کا مقدمہ درج کر کے تحقیقات شروع کر دیں۔ تھانہ ککرالی کے ایس ایچ او تنویر بھٹی کے مطابق مبشر کی تیسری شادی پر اسکی والدہ اور بھائی رضامند نہ تھے، وقوعہ سے ایک روز قبل مبشر کا گھر والوں سے جھگڑا بھی ہوا تھا جس کے بعد وہ سیکورٹی گارڈ کی ڈیوٹی دینے کیلئے دیونہ منڈی بنک آف پنجاب کی برانچ میں چلا گیا اور صبح ڈیوٹی سے واپس آنے پر اس نے اپنے 30 بور پسٹل سے پہلے بیٹی پھر بھابی اور بھتیجوں کو قتل کیا۔ فائرنگ کی آوز سن کر اہل علاقہ گھر میں داخل ہوئے تو ملزم نے خود کو ختم کر لیا۔دریں اثنا وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف نے گجرات میں ایک ہی خاندان کے 5 افراد کے قتل کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی پنجاب سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔