پاک پتن(نامہ نگار) پاکستان تحریک انصاف سنٹرل ایگزیکٹوکمیٹی کے ممبر،ضلعی صدر میاں احمد رضا خان مانیکا نے پاکستان تحریک انصاف کو ہزاروں ساتھیوں سمیت چھوڑ دیا۔تفصیلات کے مطابق سابق ممبر قومی اسمبلی پاکستان تحریک انصاف سنٹرل ایگزیکٹوکمیٹی کے ممبر،ضلعی صدر میاں احمد رضا خان مانیکا نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میرے ساتھ 10یونین کونسل کے چیئرمین ،وائس چیئرمین ،درجنوں کونسلرز اور ہزاروں کارکنان اور ووٹرزنے بھی تحریک انصاف سے علیحدگی کا فیصلہ کیا ہے ۔اس موقع پرمیاں فاروق احمد خان مانیکا ، ممتاز دانشور مورخ میاں اللہ بخش طارق، چیئرمین یونین کونسل موسے وال میاںزاہد سرفراز وٹو کونسلر اظہر محمود اجی خان،جشن فرید گروپ کے چیئرمین میاں علی عمران ہوتیانہ سمیت چیئرمین ،وائس چیئرمین کونسلر ز اورکارکنان کی بڑی تعداد موجود تھی۔ انہوں نے کہا کہ میرے خاندان دادا اور والد 100سال سے اس ملک اور اپنے حلقہ کی خدمت کر رہے ہیں پاکپتن کی سیاست میں مانیکا خاندان بہت مضبوط ہے اور ہمارا گھر انکا سربراہ ہے ۔میرے خاندان اور کارکنان نے تحریک انصاف کے لئے بہت سی قربانیاں دیں 30سے زائد یونین کونسل کے چیئرمین بنائے۔ ضلع کونسل کا چیئرمین بنایا مگرعمران خان سمیت کسی تحریک انصاف کے قائد نے ہماری سیای جدجہد کو تسلیم نہیں کیا ۔ میری والدہ ماجدہ کا انتقال ہوا مگر پاکستان تحریک انصاف کے کسی سیاسی قائد کو یہ توفیق نہیں ہوئی کہ وہ اظہار افسوس کے لئے آئے۔ انہوں نے کہا عمران خان جب بھی پاکپتن آئے انہوں نے کسی بھی پارٹی ورکزکا اطلاع نہیں دی اور نہ ہی اہمیت دی ۔پاکپتن شریف درگاہوں کا شہر ہے ۔یہاںلوگ عقیدت سے آ تے ہیں مگر ایک مرید عمران خان نے اپنی حدود سے تجاوز کیا اور پیری مریدی کے رشتہ کو پاما ل کیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ اپنے سیاسی مستقبل کا فیصلہ سیاسی کارکنان ،دوست احباب اور خاندان سے مشاورت کے بعد کریں گے تاہم بہت ساری سیاسی جماعتیں ان کے ساتھ رابطہ میں ہیں۔نوائے وقت رپورٹ کے مطابق احمد رضا مانیکا نے میڈیا سے گفتگو میں کہا پیر اور مرید کا احترام رہنا چاہئے تھا۔ عمران خان کے فیصلے سے پاکپتن والے ناخوش ہیں۔ خان صاحب جتنی بار پاکپتن تشریف لائے کسی عہدیدار کو ملے‘ لیڈر شپ کو اپنی ٹیم کا پتہ ہی نہیں۔
نوشہرہ (نوائے وقت رپورٹ) خیبر پی کے میں پی ٹی آئی کے چار ارکان نے عمران خان کو وارننگ جاری کر دی۔ ارکان نے کہا سینٹ ٹکٹ دیتے ہوئے پارٹی پالیسی نظرانداز کی، عوام کو پی ٹی آئی سے بہت امیدیں تھیں، امیدیں پوری نہ کیں اور سنجیدہ نہ ہوئے تو پی ٹی آئی خیبر پی کے میں تاریخ بن جائیگی۔ 20 سال کی خدمات کا صلہ پیسے کا الزام لگا کر دیا۔ پی ٹی آئی رہنما قربان علی خان نے زاہد درانی، عبید مایار اور نگینہ کے ہمراہ پریس کانفرنس میں کہا کہ شاہ محمود قریشی اور عمران اسماعیل نے بتایا تھا نوکریاں بک رہی ہیں، کسی چینل میں ہمت ہے تو رشوت کے ثبوت موجود ہیں چلالے، وقت نے ثابت کردیا جن وعدوں پر ووٹ ملا ہم وہ پورے نہیں کر سکے، ہم شکایت کرتے ہیں لیکن شنوائی نہیں ہوتی۔ الیکشن تو ہم جیت گئے لیکن آئیڈیالوجی ہم ہار گئے۔ خان صاحب سے گلہ نہیں ان سے جو کہا وہ انہوں نے سنا، پتہ نہیں وہ کون سے لوگ ہیں جو عمران خان کے کان بھرتے ہیں، پولیس میں چار، چار لاکھ روپے کی نوکریاں بکیں، میرے پاس ثبوت ہیں، کچھ لوگ کالی بھیڑیں بن کر ہماری صفوں میں بیٹھے ہیں، عمران ان پر اعتبار کرتے ہیں جو بچھوئوں کی طرح ڈنگ مارتے ہیں۔