ماسکو + لندن (اے ایف پی) برطانیہ میں ایک سابق روسی جاسوس اور ان کی بیٹی کو زہر دئیے جانے کے بعد روس اور برطانیہ کے تعلقات کشیدہ ہو گئے ہیں اور ہفتے کو ماسکو نے روس میں 50 مزید برطانوی سفارتکاروں کو ملک سے نکل جانے کا حکم دیا ہے۔ برطانیہ کی جانب سے روس کے 23 سفارتکاروں کو ملک بدر کئے جانے کے بعد روس نے بھی 23 برطانوی سفارتکاروں کو ملک سے نکل جانے کا حکم دیا تھا۔ تاہم اب روس کا اصرار ہے کہ مزید 50 برطانوی سفارتکاروں کو ملک سے نکل جانے کا حکم دیا ہے۔ روس کا کہنا ہے کہ برطانیہ اور روس کے ایک دوسرے کے ملک میں سفارتکاروں کی تعداد یکساں ہونی چاہئے۔ روس اور برطانیہ کے درمیان تعلقات مزید کشیدہ ہوگئے، ماسکو نے برطانیہ پر روسی مسافر طیارے کی تلاشی لینے کا الزام عائد کردیا۔ غیرملکی میڈیا کے مطابق برطانیہ میں روسی سفارت خانہ نے الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ ہیتھرو ائیرپورٹ پر ماسکو سے برطانیہ آنے والے طیارے کی تلاشی لی گئی ہے۔روس نے برطانیہ کے اس اقدام کو اشتعال انگیز قرار دیا ہے ۔دوسری طرف برطانوی پولیس نے اپنے بیان میں الزامات کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ اس خبر کی کوئی سچائی نہیں۔لندن کی میٹروپولیٹن پولیس نے کسی ائیر بس کی تلاشی نہیں لی ہے۔
ملک بدر