راولپنڈی(اپنے سٹاف رپورٹر سے)پنجاب فو ڈاتھارٹی کی فوڈ سیفٹی ٹیمزنے کاروائیاں کرتے ہوئے غلط لیبلنگ کرنے پریوٹیلٹی سٹور سر بمہر کر دیا، غیر معیاری خوراک مہیا کرنے پر معروف ہوٹل اورگٹکا کی فروخت پرپان شاپ کو بھی سیل کر دیا گیا۔ جبکہ صفائی کے ناقص انتظامات پربھاری جرمانے عائدکیے گئے۔ ناقص غذاتلف کرتے ہوئے متعددفوڈ پوائنٹس کو وارننگ نوٹسز جاری کیے ۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب فوڈ اتھار ٹی کی فوڈ سیفٹی ٹیمز نے مری میں صفائی کے ناقص انتظامات،زائدالمعیاد اشیاء کی موجودگی،تاریخوں میں ردوبدل کر کے فروخت کرنے،چوہوں کے فضلہ جات اور حشرات کی موجودگی پر معروف سٹور سیل کر دیا ۔نیز بھاری مقدار میں زائدلمعیاد مصالحہ جات، کولڈ ڈرنکس، غیر معیاری شہدتلف کر دیا گیا۔اس کے علاوہ چکوال کی فوڈ سیفٹی ٹیم نے کاروائی کرتے ہوئے تلہ گنگ روڈ چکوال میں موجود نیو پاکیزہ ہوٹل اینڈ ریسٹورینٹ کو صفائی کے ناقص انتظامات، تیار شدہ کھانے اوردودھ میں مکھیوں کی موجودگی ، ملازمین کا پروڈکشن ایریا میں سگریٹ نوشی کرنے پر سیل کرتے ہوئے120 کلو گرام تیار شدہ باسی کھانا ،80لیٹرخراب دودھ تلف کر دیا۔مزید کاروائی کرتے ہوئے صرافہ بازار چکوال میں خواجہ عمر پان شاپ کوگٹکا فروخت کرنے، بھاری مقدار میں گٹکا برآمد کر کے پان شاپ کو سیل کر دیا۔ دوسری جانب نان بائی بازار چکوال میں بسم اللہ جنرل سٹورکو زائد المیعاد اشیاء فروخت کرنے ، اڈیالہ روڈ ،کمرشل مارکیٹ کو صفائی کے ناقص انتظامات ،اشیاء خوردنوش پر تاریخ اجراو انتہا کی عدم موجودگی پر مجموعی طور پر 12,000کا جرمانہ عائد کیا ،علاوہ ازیں ڈویژن بھر میں کارروائیوں کے دوران مختلف فوڈ پوائنٹس سے 80 کلو گرام ِشیرا،40 کلو گرام زائدلمعیاد رَس ،نان فوڈ گریڈ کلر،مصالحہ جات،رنگ کاٹ،ناقص مٹھائی اور دیگر اشیاء کو ضائع کر دیاگیا ۔مختلف فود پوائنٹس،چکن سیل سنٹرز،پروڈکشن یونٹس،سویٹس،بیکرز اور کریانہ سٹورزکو وارننگ نوٹسز جاری کیے گئے۔