لاہور(خصوصی رپورٹر)ترجمان پنجاب حکومت ملک محمد احمد خان نے کہاہے کہ نیازی صاحب آپ کب تک لاہور کے عوام کو ترقی کا طعنہ دیتے رہیں گے۔لاہور کے باشعور عوام عمران خان کو اس الیکشن میں ترقی کے طعنے دینے کا بھرپور جواب دیں گے ۔ رکن صوبائی اسمبلی ملک محمد احمد خان نے عمران خان کے بیان کے ردعمل میں کہا کہ جناب نیازی !آنکھیں کھولیں ، ملتان، ڈیرہ غازی خان اور بہاولپور جیسے شہر دیکھیں یہی سہولتیں وہا ں بھی نظر آئیں گی۔ عمران خان پنجاب کے ترقیاتی منصوبوں پر تنقید کر کے سیاسی ناکامیوں کی خفت مٹا رہے ہیں۔ نیازی صاحب اعدادوشمار کے گورکھ دھندے سے عوام کو دھوکہ نہیں دے سکتے۔ نیازی صاحب کی طرف سے جنوبی پنجاب اور لاہور کے بجٹ کی جھوٹی کہانی تعصب پیدا کرنے کی مذموم کاوش ہے ۔ ملتان میٹروبس کے بارے میں چین کے غیر جانبدار اادارے حقائق بیان کرچکے ہیں۔ مسلم لیگ (ن) کے ترقیاتی ایجنڈے سے خوفزدہ عناصر پریشانی کے عالم میں ہیں۔ نیازی صاحب بھول گئے بنی گالہ کی سڑک بھی ان کی درخواست پر تعمیر کی گئی تھی۔ صرف عوام اور میڈیا کے سامنے کیوں شور مچاتے ہیں؟ عمران خان جھوٹے الزامات پر پہلے ہی عدالت کا سامنا کرنے سے گریزا ں ہیں۔شہبازشریف نے شب وروز عوام کی خدمت کی ہے اور عمران خان نے دن رات جھوٹ بولے ہیں۔ عمران خان شہبازشریف کی عوامی مقبولیت سے خوفزدہ ہو چکے ہیں۔شہبازشریف کے جن منصوبوں پر تنقید کرتے ہیں ، خیبر پی کے میں وہی منصوبے شروع کردیتے ۔