اسلام آباد(آن لائن) سابق سیکرٹری الیکشن کمیشن کنور دلشاد نے آئندہ عام انتخابات کیلئے عدلیہ سے ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران اور ریٹرننگ افسران کی تعیناتی کو خوش آئند قراردیتے ہوئے اس اقدام کو عام انتخابات کی شفافیت کی بنیاد قرار دیا ہے آن لائن سے بات چیت کرتے کنور دلشاد نے کہاکہ موجودہ حالات میں پنجاب کی بیوروکریسی پر سے عوام کا اعتماد اٹھ چکا ہے۔ کیونکہ اربوں روپے کی کرپشن میں ملوث احد چیمہ کی گرفتاری پر پنجاب بھر کے 280سے زائد بیوروکریٹس نے جس طریقے سے احتجاج کیا ہے اس سے ثابت ہوا ہے کہ پنجاب کی بیوروکریسی عوام کی نہیں بلکہ جاتی عمرہ کی ملازم ہے۔ نئے الیکشن ایکٹ کے تحت انتخابات میں ڈیوٹی دینے والے تمام افسران الیکشن کمیشن کے ماتحت ہونگے اور کسی بھی بے ضابطگی میں ملوث ہونے کی صورت میں انہیں سزائیں دینے کا اختیار بھی الیکشن کمیشن کے پاس ہے تاہم عدلیہ کی جانب سے ڈسٹرکٹ ریٹرننگ اور ریٹرننگ افسران کی تعیناتی کی صورت میں عدلیہ کے افسران کو الیکشن کمیشن سزا نہیں دے سکے گا اور اگر کوئی بھی عدلیہ کاجج الیکشن ڈیوٹی کے موقع پر کسی بھی قسم کے بے ضابطگیوں میں ملوث پایا گیا تو اس کو سزا دینے کیلئے الیکشن کمیشن کی جانب سے چیف جسٹس سے سفارش کی جائے گی۔
آئندہ انتخابات کیلئے آر اوز اور ڈی آر اوز کا عدلیہ سے لیا جانا خوش آئند ہے: کنور دلشاد
Apr 01, 2018