پبی/ ڈی آئی خان (نامہ نگار+صباح نیوز) ڈیرہ اسماعیل خان میں ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کے سکواڈ پر حملے کے نتیجے میں شہید ہونے والے 3 پولیس اہلکاروں کی نماز جنازہ پولیس لائن میں ادا کردی گئی جس میں اعلیٰ سول و فوجی حکام نے شرکت کی۔ پولیس کے مطابق ڈی پی او ڈیرہ اسماعیل خان ڈاکٹر زاہداللہ کے قافلے کو تحصیل کلاچی سے ڈی آئی خان آتے ہوئے سڑک کنارے نصب بم سے نشانہ بنایا گیا۔بم حملے میں ڈی پی او محفوظ رہے تاہم سکواڈ میں شامل تیسری گاڑی دھماکے کی زد میں آگئی جس میں ڈرائیور فخر اور فرنٹ سیٹ پر بیٹھا اہلکار ملازم حسین موقع پر جاں بحق ہوئے جبکہ غلام عباس ہسپتال میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہو ئے چل بسا۔ حملے میں زخمی ہونیوالے 4 جوان ڈی ایچ کیو ہسپتال میں زیر علاج ہیں۔ شہداء کی میتیں نماز جنازہ کے بعد آبائی علاقوں میں بھیج کر سپردخاک کر دیا گیا ۔پولیس نے واقعہ کا مقدمہ تھانہ کلاچی میں نامعلوم ملزمان کیخلاف درج کرلیا گیا۔ پبی سے نامہ نگار کے مطابق اشتہاری ملزموں کے ساتھ رات کی تاریکی میں مقابلے میں شہید ہونے والا ایس ایچ او صفدر خان کو سرکاری اعزاز کے ساتھ آبائی گائوں میں سپرد خاک کر دیا گیا، نمازجنازہ پولیس ہیڈکوارٹرز میں ادا کی گئی ۔اس موقع پر ڈی آئی جی مردان ریجن محمد عالم شینواری ، ڈی پی او سید شہزاد ندیم بخاری ،ایس پی انوسٹی گیشن ثناء اللہ خان ، ڈی ایس پی ہیڈکوارٹرز شہنشاہ گوہر خان منتخب عوامی نمائندوں سمیت چیف منسٹر کے انکوائری اینڈ انسپکشن ٹیم کے سربراہ حسین احمد اور دیگر اہم شخصیات نے شرکت کی ۔پولیس ہیڈکوارٹرز میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے۔ قبل ازیںتھانہ اضاخیل پولیس نے خیسرے کے دشوار گزار پہاڑی علاقوں میں مختلف سنگین نوعیت کے مقدمات میں انتہائی مطلوب مجرمان اشتہاریوں کے ٹھکانے پر رات گئے چھاپہ مارا ۔کئی گھنٹوں پر محیط سخت مقابلے میں مجرمان اشتہاریوں کی جانب سے شدید فائرنگ کے تبادلے کے نتیجے میں ایس ایچ او تھانہ اضاخیل ایس آئی صفدر خان شہید ہوگئے تھے۔