اسلام آباد ( سپورٹس رپورٹر) دی بریکرز سنوکر لائونج ایف الیون مرکز میں جاری بریکرز کپ سنوکر ٹورنامنٹ2018ء کے پہلے سیمی فائنل میں پنجاب کے سابق جونیئر چیمپئن عبدل جاوید جونیئر نے سابق قومی چیمپئن محمد آصف ٹوبہ کو5-3سے جبکہ دوسرے سیمی فائنل میںآصف بابر ( میگنٹ) نے امیر حمزہ کو 5-4سیہرا کر کھیلنے کا اعزاز حاصل کر لیا۔ فائنل میچ بیسٹ آف الیون فریم پر آج اتوار کو سہ پہر تین بجے کھیلا جائے گا۔تقریب تقسیم انعامات پر اسلام آباد کے ڈپٹی میئر سید ذیشان نقوی مہمان خصوصی ہوں گے اور کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کریں گے۔ ٹورنامنٹ کے چیف آرگنائزر سید خاور شاہ اور ٹورنامنٹ ڈائریکٹر و ہیڈ کوچ اسلا م آباد بلیرڈز اینڈ سنوکر ایسوسی ایشن ارشد قریشی کے مطابق ٹورنامنٹ میں ایک لاکھ روپے سے زائد کے کیش ایوارڈز تقسیم کئے جائیں گے۔ دی بریکرز کلب کے سینئر کھلاڑی زاہد شیخ نے ٹورنامنٹ کے فاتح کھلاڑی کو دبئی کا ریٹرن ٹکٹ دینے کا اعلان کیا ہے۔ اس ٹورنامنٹ میں نیشنل رینکنگ کھلاڑیوں سمیت 100کے لگ بھگ کھلاڑیوں نے شرکت کی ۔ ہفتہ کو سیمی فائنل ہوئے جس میں جاوید جونیئر نے محمد آصف ٹوبہ کو 5-3سے شکست دی دوسرے سیمی فائنل میںآصف بابر ( میگنٹ) نے امیر حمزہ کو ایک سخت مقابلے کے بعد5-4سے ہرا کر فائنل کیلئے کوالیفائی کر لیا۔
بریکرز کپ سنوکر کا فائنل آج جاوید جونیئر اور آصف بابر کے مابین ہو گا
Apr 01, 2018