پاکستان اب پر امن اور کھیلوں کے لئے محفوظ ہے،عالمی ٹیمیں یہاں آ کر کھیلیں،سرفراز

کراچی (اسپورٹس رپورٹر)پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے کہا ہے کہ دنیا بھر کی ٹیموں سے کہتاہوں پاکستان آکر کھیلیں ،پاکستان اب پر امن اور کھیلوں کے لئے محفوظ ہے ،ورلڈ کپ کے لئے ٹیم کی تیاری درست سمت میں جاری ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے نیشنل اسٹیڈیم میں پری میچ پریس کانفرنس کے دوران کیا ۔ان کا کہنا تھا کہ ویسٹ انڈیز کو آسان حریف نہیں سمجھتے وہ ایک متوازن ٹیم ہے۔ہم ان کے ساتھ گزشتہ دوسال سے کھیل رہے ہیں لیگز میں بھی ان کے ساتھ واسطہ رہتا ہے وہ ٹی20کی اچھی سائیڈ ہے اور اسکے پاس بہت پاور فل ہارڈہٹر اور ٹی20کے اسپیشلسٹ موجود ہیں اس لئے اس ٹیم کو کمزور نہیں کہہ سکتے۔ان کا کہنا تھا کہ ہم سیریز میں3-0سے جیتنے کے لئے جائیں گے تاکہ اپنی نمبر ون پوزیشن کو مزید مستحکم کر سکیں ،اور اس کے لئے ہم متوازن فائنل الیون گرائونڈ میں اتاریں گے ۔ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ محمد عامر اور حسن علی کے ساتھ ساتھ راحت علی ،شاداب خان ہماری اصل طاقت ہیں ،سیریز میں نوجوان کھلاڑیوں کو بھی مواقع دیں گے تاکہ اپنے ہوم گرائونڈ پر وہ پرفارم کر سکیں مجھے اپنی بالنگ لائن سے امید ہے کہ وہ کسی بھی اسکور کا دفاع بخوبی کر سکتی ہے ،ٹیم میں نئے شامل ہونے والے شاہین آفریدی ،حسین طلعت اور محمد آصف کے پاس بھی موقع ہے کہ وہ اس سیریز میں خود کو منوائیں ۔ کپتان نے کہا کہ محمد عامر اچھی بالنگ کے باوجود کاکامیاب نہیں ہورہے ،ان کے ساتھ ساتھ حسن علی ہمارے اسٹرائیک بالر ہیں ،محمد عامر بھی اس سیریز میں بہتر پرفارمنس دے سکتے ہیں ۔

ای پیپر دی نیشن