ملتان، پی پی 208، تحریک انصاف کے واصف نے میدان مار لیا

Apr 01, 2019

ملتان (نوائے وقت رپورٹ) ملتان کے نواحی علاقے قادر پور راں میں پنجاب اسمبلی کے حلقے پی پی 218 کے ضمنی انتخاب کا میدان تحریک انصاف کے واصف مظہر راں نے مار لیا۔ پولنگ کا عمل صبح 8 بجے سے شام 5 بجے تک بغیر کسی وقفے کے جاری رہا، 138 پولنگ سٹیشنز میں سے 32 کو حساس قرار دیا گیا تھا جہاں ایک ہزار سے زائد پولیس اہلکار اور پاک فوج کے جوانوں نے سکیورٹی کے فرائض سر انجام دیئے۔ پنجاب اسمبلی کے حلقے پی پی 218 کے تمام 138 پولنگ سٹیشنز کے غیر حتمی و غیر سرکاری نتیجے کے مطابق حکمران جماعت تحریک انصاف کے واصف مظہر راں 46 ہزار 988 ووٹ لیکر کامیاب ہوئے ہیں جب کہ ان کے مدمقابل پیپلز پارٹی کے ارشد راں 39 ہزار486 ووٹ لیکر دوسرے نمبر پر رہے۔ دوسری جانب ضمنی انتخاب کے نتیجے پر وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے ملک واصف راں ساڑھے 7 ہزار ووٹوں کی برتری سے جیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج چور کی چوری پکڑی گئی ہے اور ملتان کی عوام نے کرپشن کو مسترد کردیا ہے، پی پی 218 کے ضمنی انتخاب میں (ن) لیگ اور پی پی پہلی بار اکٹھے ہوئے لیکن انہیں شکست ہوئی۔ یاد رہے کہ پنجاب اسمبلی کی نشست پی پی 218 کی نشست تحریک انصاف کے ملک مظہر عباس راں کی وفات کے باعث خالی ہوئی تھی۔ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے پی پی218ملتان کے ضمنی الیکشن میں کامیابی پر تحریک انصاف کے امیدوار ملک واصف مظہر راں کو مبارکباد دی ہے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا ضمنی الیکشن کے نتائج نے ثابت کردیا ہے کہ عوام تحریک انصاف کی قیادت اور پالیسیوں پر اعتماد کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج کے نتیجے سے ثابت ہو گیا کہ عوام شفاف اور عوام کی خدمت کرنے والی مخلص قیادت کے ساتھ ہیں اور تحریک انصاف مقبول ترین جماعت ہے۔دریں اثناء ضمنی الیکشن میں ابتدائی نتائج میں بھی پی ٹی آئی کے امیدوار ملک واصف مظہر راں کو برتری رہی جس پر ووٹرزاورسپورٹرزکی بڑی تعداد نے ملک واصف راں کے ڈیرے کا رخ کیا ،اس موقع پر کامیاب امیدوارکی رہائشگاہ پرجشن کا منظردیکھنے میں آیا،کامیاب امیدوارکے حامیوں اور پی ٹی آئی کے کارکنوں نے بھنگڑے ڈالے اور مٹھائیاں تقسیم کی گئیں،وفاقی وزیرخارجہ شاہ محمودقریشی ،صوبائی وزیرڈاکٹراخترملک،وفاقی پارلیمانی سیکرٹری زین قریشی اور پی ٹی آئی کے اراکین اسمبلی ورہنمائوں نے ملک واصف مظہرراں کو کامیابی پر مبارکباد دی اور ان کی کامیابی کو عوام کاپی ٹی آئی پراعتماد کا اظہار قراردیا۔

مزیدخبریں