لاہور عبدالحکیم موٹروے کا افتتاح، اپوزیشن سے نیب پر پارلیمنٹ میں بات کرنے کو تیار ہیں: گورنر پنجاب

لاہور+ جڑانوالہ+قیصل آباد (نیوز رپورٹر/ نمائندہ نوائے وقت+نمائندہ خصوصی) گورنر پنجاب چودھری محمد سرور نے کہا ہے کہ عمران خان کی قیادت میں ملک کو درپیش چیلنجز سے نمٹیں گے ماضی کی لوٹ مار کی وجہ سے پاکستان آج غربت، بے روزگاری اور مہنگائی جسیے مسائل سامنا کررہا ہے۔ کرپشن نے ملک کی جڑیں کھوکھلی کردی ہیں، ملک کو خوشحال بنانا ہے تو اس کے لئے کرپشن کو ختم کرنا ہوگا۔ لاہور تا عبدالحکیم موٹروے کا افتتاح کرنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ غربت بھی ہمارے لئے بڑا امتحان ہے، ملک کے تمام مسائل کو عمران خان کی قیادت میں حل کریں گے اور پاکستان کی ترقی کی نئی بنیاد رکھیں گے۔ اس موقع پر وفاقی وزراء اور دیگر حکام بھی موجود تھے۔ واضح رہے کہ 148اعشایہ چھ ارب روپے کی لاگت سے بننے والا 230 کلو میٹر طویل لاہور تا عبدالحکیم موٹروے M3 کو آج پیر کو باقاعدہ طور پر ٹریفک کے لئے کھول دیا جائے گا۔ 148.6 ارب روپے کی لاگت سے بننے والا لاہور تا عبدالحکیم موٹروے M3 سیکشن کھلنے سے لاہور تا ملتان فاصلے بالکل سمٹ کر قریب آنے سے گھنٹوں کا سفر کم ہو جائے گا - موٹروےM3 لاہور M2 سے شروع ہو کر شرقپور، ننکانہ صاحب، سیدوالا، جڑانوالا، سمندری، رجانہ، پپیرمحل سے ہوتا ہوا عبدالحکیم پہنچے گا۔ گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کسی ٹرین مارچ یا احتجاج سے دبائو میں آنیوالے نہیں، اگر اپوزیشن سمجھتی ہے نیب حدود سے تجاوز کر رہا ہے تو حکومت پارلیمنٹ میں اس پر بات کرنے کو تیار ہیں۔ نیب اور دیگر اداروں کو گالیاں دینے سے کرپشن کرنیوالے احتساب سے بچ نہیں سکیں گے۔ ہم اپوزیشن سے لڑائی جھگڑا نہیں چاہتے لیکن کرپشن کے خلاف اپنے مؤقف سے ایک انچ بھی پیچھے نہیں ہٹیں گے۔ پنجاب آب پاک اتھارٹی کے ذریعے پنجاب میں پینے کے صاف پانی کی فراہمی کو یقینی بنایا جائیگا۔ اس موقع پر تحریک انصاف کے اراکین قومی اسمبلی عامر ڈوگر، نواب شیر وسیر ، خرم شہزاد سمیت موٹر وے پولیس کے اعلی افسران بھی موجود تھے۔ گورنر پنجاب نے کہاکہ اس میں کوئی شک نہیں کہ پاکستان کو اس وقت بہت سے مسائل درپیش ہیں جن سے نمٹنے کیلئے وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں موجودہ حکومت بھر پور اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں کرپشن کرنیوالوں کو کسی صورت کوئی رعایت نہیں دی جا سکتی ان کو ملکی خزانہ سے لوٹی جانیوالی ایک ایک پائی واپس کرنا ہوگی۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ نیب اور عدلیہ سمیت دیگر اداروں نے ہمارے خلاف بھی بہت سے فیصلے دیئے ہیں مگر ہم اپوزیشن والوں کی طر ح ان اداروں کو گالیاں نہیں دیں گے کیونکہ موجودہ حکومت سب سے پہلے خود کو احتساب کیلئے پیش کرتی ہے۔اس موقع پر ایم این اے جڑانوالہ ملک نواب شیر وسیر، ممبر قومی اسمبلی ملتان سردار فاروق ڈوگر، ممبر صوبائی اسمبلی عادل پرویز گجر، رائے فردوس، ممبر قومی اسمبلی خرم شہزاد شیخ بھی موجود تھے۔ دریں اثناء ممبر قومی اسمبلی ملک نواب شیر وسیر نے گورنر پنجاب چودھری محمد سرور کو علاقائی مسائل سے آگاہ کیا خصوصا ً جڑانوالہ کو ضلع بنانے سیدوالہ ، ستیانہ ، شاہکوٹ ، کھرڑیانوالہ روڈ کی مرمت کا مطالبہ بھی کیا۔ جس پر گورنر پنجاب نے موٹر وے سے لنک ہونے والے تمام سڑکوں کو مکمل کرنے کی یقین دہانی کروائی۔ موٹر وے کے افتتاح پر آر پی او فیصل آباد ، کمشنر فیصل آباد ، آئی جی موٹر وے سمیت دیگر سکیورٹی اہلکار بھی موجود تھے۔

ای پیپر دی نیشن

آج کی شخصیت۔۔۔۔ جبار مرزا 

جب آپ کبھی کسی کے لیے بہت کچھ کہنا چاہ رہے ہوتے ہیں لفظ کہیں بھاگ جاتے ہیں ہمیں کوئی ایسے الفظ ملتے ہی نہیں جو اس شخصیت پر کہہ ...