اسلام آباد (این این آئی)وفاقی وزیر برائے مذہبی امور وبین المذاہب ہم آہنگی پیر نور الحق قادری نے کہا ہے کہ یوم خواتین کے نام پر کی گئی حرکات خواتین کے نام پر دھبہ ہیں، مسجد و ممبر کو کسی کی تکفیر اور کسی کو کافر قرار دینے کیلئے استعمال نہ کیا جائے، ہمیں ایک نہ ایک دن ریاست مدینہ کی طرف لوٹ کر جانا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کو نہ مسجد بننے دینگے نہ ہم مادر پدر آزادی کی خواہش پوری ہونے دینگے۔ انہوں نے کہا کہ سیدہ فاطمہ کی شخصیت کی اپنی حیثیت، سیدہ عائشہ کی شخصیت کی اپنی حیثیت ہے، ہمیں کسی تصادم کی کیفیت کا شکار نہیں ہونا چاہیے، پاکستان اعتدال پسند ملک ہے، ہمیں ہندوئوں، مسیحیوں اور دیگر اکائیوں کو احترام دینا ہے۔ ان خیالات کا اظہارانہوں نے اتوار کوجماعت اہل حرم پاکستان کے زیر اہتمام خاتون جنتؓ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر جماعت اہل حرم پاکستان کے سربراہ مفتی گلزار نعیمی، جماعت اسلامی کے رہنما پروفیسر محمد ابراہیم، مسلم انسٹیٹیوٹ کے چیئرمین صاحبزادہ سلطان احمد ودیگر افراد نے شرکت کی۔ وفاقی وزیر مذہبی امور پیر نور الحق قادری نے کہاکہ حضرت سیدہ فاطمہ رضی اللہ تعالی عنہا کی شخصیت مثالی ہے، اس دنیا میں سفینہ اہل بیت ہی راہ نجات ہے، وہ طاقتیں ہمیں خراب کرگئیں جو کافر کافر فلاں کافر کہتی رہیں، اسلامی شخصیات کا کوئی تنازعہ نہیں ہے۔ اہل سنت اہل بیت کے کسی بخل کا شکار نہیں ہیں، مکہ مکرمہ کے کٹھن دور میں حضرت فاطمہ رضی اللہ تعالی عنہا نے اپنے والد گرامیﷺ کا جس طرح ساتھ دیا اسکی مثال نہیں، ہمیں پاکستان کو قائد اعظم اور علامہ اقبال کے خوابوں کی تعبیر پاکستان بنانا ہے، ہمیں آج نہیں تو کل مدینہ کی ریاست کی جانب رجوع کرنا ہے، بہت سے نسخے آزما لئے ہمیں آخری نسخہ اسے ریاست مدینہ بنانا ہے، جماعت اہل حرم پاکستان کے سربراہ مفتی گلزار نعیمی کا کہنا تھاکہ آج کی کانفرنس دنیا کے تمام مظلوموںچاہے وہ مظلوم کشمیر، فلسطین، یمن میں یا دنیا میں کہیں بھی ہوںکے نام کرتے ہیں، تذکرہ فاطمہ سے ہم رسول اکرم اور خدا کو خوش کرتے ہیں۔ اسلام ہمیں امن، بھائی چارے اور رواداری کا درس دیتا ہے، طاغوتی قوتیں اسلام کے خلاف سازشوں میں مصروف ہیں، کانفرنس میں سیدہ طیبہ طاہرہ حضرت فاطمہ رضی اللہ تعالی عنہا کی شان میں خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔ البصیرہ ثاقب اکبر نے کہا کہ حضرت فاطمہ کے یوم ولادت 20 جماد الثانی کو خواتین کا عالمی دن قرار دیا جائے۔ وفاقی وزیر نورا الحق قادری سے درخواست ہے وہ پارلیمنٹ میں قرار داد منظور کروائیں،آج خواتین حقوق کے نام پر اسلام مخالف ایجنڈا کو فروغ دے رہی ہیں۔ نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان پروفیسر ابراہیم خان نے کہاکہ تعلیمی ادارے میں ہولی کا تہوار اور عورت کے حقوق کا دن منایا جارہا ہے ایسے میں یہ کانفرنس کا اہتمام قابل تعریف ہے۔ پروفیسر ابراہیم نے کہاکہ محمد صلی اللہ علیہ وسلم کی پیروی سے دنیا و آخرت کی کامیابی حاصل ہوسکتی ہے۔ انہوںنے کہاکہ ریاست مدینہ اسلامی ریاست کا نمونہ قائم کیا اور تاقیامت قائم رہے گا۔ انہوںنے کہاکہ حضرت فاطمہ رضی اللہ تعالی عنہا کی حیات تین نمونوں کی عکاس ہے۔