بھکر حادثہ پر پوری قوم سوگوار ہے:صوبائی وزیراقلیتی امور

لاہور (خصوصی نامہ نگار)صوبائی وزیر انسانی حقوق و اقلیتی اموراعجاز عالم آگسٹین نے بھکر حادثے میں وفات پانیوالی طالبا ت کے والدین سے اظہار افسوس کرتے ہوئے اپنے ایک پیغام میں کہا ہے کہ اللہ تعالیٰ تمام طالبات کو آخرت کے میدان میں سرخرو کرے اور اہلیخانہ کو صبر جمیل عطاء کرے۔انہوں نے کہا کہ معصوم بچیاں دنیا کے امتحان سے فارغ ہو کر گھر واپس آرہی تھیں کہ آخرت کا امتحان شروع ہوگیابلا شبہ تمام طالبات پاکستان کا روشن مستقبل تھیں اور اپنے ماں باپ کی آنکھوں کا تارا تھیں۔صوبائی وزیر نے کہا کہ ایسے المناک حادثے پر پورے پاکستان کی فضاء سوگوار ہے جبکہ یہ ایک ایسا نقصان ہے جو کبھی بھی بھرا نہیں جا سکتا مگر ان کے لئے دعائوں کا فرض ضرور نبھایا جا سکتا ہے۔صوبائی وزیر نے حادثے میں زخمی ہونیوالی طالبات کی جلد صحتیابی کی بھی دعاء کی اور اہلیخانہ کو یقین دلایا ہے کہ انسانی معصوم جانوں سے کھیلنے والے پبلک ٹرانسپورٹ گاڑیوں کے ڈرائیورزسے ہرگز ر عایت نہیں کی جائے گی اورحادثے کی وجہ بننے والی نجی کمپنی کی ٹرانسپورٹ کے خلاف قانونی کارروائی کیجائے گی ۔

ای پیپر دی نیشن