پاکپتن: جنوبی پنجاب کے ضلع پاکپتن میں پولیس نے ایک نوجوان کو گرفتار کرلیا ہے جس نے اپنی مدد آپ کے تحت تیار کیا گیا منی جہاز اڑایا تھا۔مقامی پولیس نے محمدفیاض نامی شخص کو گرفتار کر کے منی جہاز سمیت تھانے منتقل کردیا ہے۔
اے ایس آئی پاکپتن کی مدعیت میں درج مقدمہ کا متن ہے کہ جہاز بغیر پرمٹ کے بنایا گیا۔ نوجوان نے جہاز پر خطرناک کرتب بھی دکھائے، پولیس پہنچی تو جہاز لینڈ کررہا تھا۔
پولیس کے مطابق ملزم نے 500 سے 600 لوگوں کے مجمعے میں سنگین انداز میں کرتب دکھائے۔ تاہم کو ئی حادثہ پیش نہیں آیا۔ پولیس نے محمد فیاض سے جہاز اڑانے کا پرمٹ طلب کیا ۔لیکن کو پولیس کو حکومت پاکستان کا اجازت نامہ فراہم نہیں کر سکا۔
ایف آئی آر کے مطابق نوجوان کو منی جہاز اور دیگر سامان سمیت تھانے منتقل کردیا ہے اور قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ملزم کے خلاف دائر مقدمے میں 285، 286 اور 287 کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔