لاہور‘ ساہیوال (نامہ نگاران) لاک ڈائون کے دوران دفعہ 144کی خلاف ورزی اور مختلف ایس او پیز پر عملدرآمد نہ کرنیوالوں کیخلاف پولیس اور دیگر اداروں کی کارروائیاں گزشتہ روز بھی جاری رہیں۔ اس دوران لاتعداد لوگوں کو پکڑ لیا گیا۔ سینکڑوں مقدمات درج کر لئے گئے اور بے شمار گاڑیاں موٹرسائیکل بھی بند کر دیئے گئے۔ دکانیں اور مساجد سیل کرنے کی اطلاعات بھی ہیں۔ تفصیلات کے مطابق لاہور سے نامہ نگار کے مطابق لاہور پولیس نے ایس او پیز کی خلاف ورزی اور شہریوں کی لمبی قطاریں لگوانے والے شہر کے 335بنکوں کو نوٹس جاری کر دیئے ہیں۔ ماڈل ٹائون ڈویژن کے 120بنکوں‘ کینٹ ڈویژن کے 93‘ اقبال ٹائون کے 64‘ سول لائنز ڈویژن کے 36اور صدر ڈویژن کے 22بنکوں کو نوٹس جاری کئے گئے ہیں۔ ساہیوال سے نمائندہ نوائے وقت کے مطابق میں محکمہ صحت ترجمان کے مطابق تھانہ نور شاہ کے علاقہ میں دو مساجد کو سیل کر دیا گیا۔ محکمہ صحت کی ٹیموں نے چھاپے مار کر تبلیغی جماعت کے بیس کارکنوں کی سکرینگ کے بعد چک77۔فائیو۔آر مسجد کے حجرہ کو قر نطینہ سینٹر بنا کر شفٹ کر دیا ہے۔ اور ان بیس کارکنوں کے ٹیسٹ لیکر لیبارٹری کو بھجوا دئے گئے ہیں۔ دوسری جانب پولیس غلہ منڈی نے لاک ڈائون کے دوران بورے والا سے مسافروں کو لانے پر ٹرک ڈرائیور شہباز احمد کو گرفتار کر لیا۔ملزم چک 423۔ای۔بی سے خواتین مسافروں کو اپنے مزدا ٹرک میں لیکر آیا تھا۔ دریائے راوی قطب شہانہ پل پر ٹیکسی ڈرائیور افتخار احمد کو گرفتار کر لیاگیا۔ مقدمات درج کر کے دونوں ڈرائیوروں کو جیل بھیج دیا گیا۔ بورے والا سے نمائندہ نوائے وقت کے مطابق لاک ڈائون سے پہلے مقامی گائوں 313ای بی سے جا نے والی بارات گزشتہ روز صادق آباد سے بورے والا پہنچی تو پاک فوج اور پو لیس کی نفری نے باراتیوں کو تحویل میں لے کر کالج روڈ پر قائم کئے گئے قرنطینہ سینٹر منتقل کر دیا جہاں پر کرونا وائرس کی تشخیص کے لئے تمام افراد کے سیمپلز لئے گئے اور انہیں آ ئسولیشن میں رہنے کی ہدایت کی گئی۔ ذرائع کے مطابق کسی بھی شخص میں کرونا وائرس کے حوالے سے کوئی علامات نہیں پائی گئیں۔ گگو منڈی سے نامہ نگار کے مطابق اسسٹنٹ کمشنر بورے والا رانا اورنگزیب اور پاک آرمی کے جوانوں نے گگو منڈی کے مختلف بازاروں کا دورہ کیا اور مین بازار کے کلاتھ مرچنٹ کی دکان کھلی ہونے پر سیل کر دی۔