وفاقی وزیر امورگلگت بلتستان کا مقبوضہ کشمیر میں کرونا کے بڑھتے کیسیز پرتشویش کا اظہار

اسلام آباد(نیوزرپورٹر) وفاقی وزیر امور کشمیر وگلگت بلتستان علی امین خان گنڈاپور نے مقبوضہ کشمیر میں کرونا وائرس کے بڑھتے کیسیز پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اقوام متحدہ اور عالمی ادارہ صحت سے اپیل کی ہے کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں حالات کا فوری جائزہ لیں اور مظلوم  کشمیریوں کو صحت کی سہولیات اور ادوایات کی دستیابی کو یقینی بنانے کے لیے بھارت پر دباو ڈالیں۔منگل کو ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ بھارت پچھلے ستر سالوں سے کشمیریوں پر انسانیت سوز مظالم ڈھا رہا ہے اور گزشتہ سال 5 اگست کے بھارتی قابل مذمت اقدامات کے بعد سے پوری مقبوضہ وادی کو ایک جیل میں تبدیل کر دیا گیا ہے اور لاکھوںبے گناہ کشمیریوں کو قید کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ درحقیقت بھارتی حکومت مقبوضہ کشمیر کی ڈیموگرافی تبدیل کرنے کی مزموم کوششیں کر رہی ہے اور اس سلسلے میں بھارتی سیکورٹی ادارے ماورائے عدالت جیسے انتہائی سفاک اقدامات اٹھا رہے ہیں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ انتہا پسند بھارتی حکومت کرونا کی آڑ میں اپنے مذموم مقاصد حاصل کرنے کے لیے کچھ بھی کر سکتی ہے اور مقبوضہ کشمیر میں صحت کی سہولیات کی عدم دستیابی سے کشمیریوں کی نسل کشی کی جا رہی ہے ۔انہوں نے بھارت پر زور دیا کہ وہ غیرجانبدار انسانی حقوق کے اداروں اور میڈیا کی مقبوضہ کشمیر میں رسائی کو ممکن بنائے تاکہ مقبوضہ کشمیر کے اصل حقائق دنیا کے سامنے آسکیں انہوں نے کہاکہ بھارت انسانی حقوق کا احترام کرتے ہوئے بھارتی جیلوں میں بند ہزاروں کشمیریوں رہنماوں اور نوجوانوں کو رہا کرے ۔علی امین گنڈاپور نے کہا کہ بھارت ظالمانہ ہتھکنڈوں سے کشمیریوں کو حق خوداردیت سے دستبردار نہیں کروا سکتا اور اسے کشمیریوں کو ان کا حق دینا ہو گا ۔انہوں نے کہا کہ صرف کشمیریوں کے حق خوداردیت کے حصول سے ہی جنوبی ایشیاء میں دیرپا امن ممکن ہے اور اس مقصد کے لیے پاکستان کشمیریوں کی ہر سطح پر حمایت جاری رکھے گا ۔

ای پیپر دی نیشن