اثا ثہ جات کیس ،لیاقت قائم خانی کی درخواستِ ضمانت پر نیب سے رپورٹ طلب

اسلام آباد(صباح نیوز)ہائی کورٹ نے جعلی بینک اکائونٹس کیس میں سابق ڈی جی پارکس کراچی لیاقت قائم خانی کی درخواست ضمانت پر سماعت کرتے ہوئے مدعی کے اثاثوں کی انکوائری پر قومی احتساب بیورو (نیب)سے رپورٹ طلب کر لی۔اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ نے کیس کی سماعت کی۔عدالت نے نیب کے تفتیشی افسر سے استفسار کیا کہ لیاقت قائم خانی کے خلاف ریفرنس دائر ہو چکا ہے، اب انہیں کیوں گرفتار رکھنا چاہتے ہیں؟۔نیب کے تفتیشی افسر نے جواب دیا کہ لیاقت قائم خانی کے آمدن سے زائد اثاثوں کی تحقیقات جاری ہیں۔چیف جسٹس اطہر من اللہ نے استفسار کیا کہ کیا ملزم لیاقت قائم خانی کے اثاثوں کی مالیت کا جائزہ لیا گیا ہے؟۔نیب کے تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ لیاقت قائم خانی کے گھر سے 2 کلو سونا ملا ہے، وہ 28 پلاٹس کے مالک بھی نکلے ہیں۔انہوں نے عدالت کو یہ بھی بتایا کہ کچھ پلاٹس لیاقت قائم خانی کی بیٹی اور کچھ بھتیجے طاہر کے نام پر ہیں، لیاقت قائم خانی کی بیٹی اور بھتیجے تفتیش میں تعاون نہیں کر رہے۔عدالت ِعالیہ نے کیس کی سماعت 6 اپریل تک ملتوی کر دی۔

ای پیپر دی نیشن