لاہور (نیٹ نیوز)سعودی عرب نے مئی سے اپنی تیل کی پیداوار اور برآمدات کو مزید بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق سعودی عرب نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ مئی سے اپنی تیل کی پیداوار کو مزید بڑھاتے ہوئے برآمدات میں 6 لاکھ بیرل اضافہ کرے گا اور خام تیل کی برآمدات کو یومیہ ایک کروڑ 6 لاکھ بیرل تک لے جائے گا۔سعودی منصوبے کے بعد خام تیل کی قیمتوں میں دوران ٹریڈنگ 10 فیصد تک کمی ہوئی ہے۔گذشتہ روزعالمی منڈی میں امریکی خام تیل کی قیمت 19.86 ڈالر فی بیرل کی سطح پر آگئی تھی جو کہ 18 سال کی کم ترین سطح ہے۔ ماہرین کے مطابق تیل کی پیداوار بڑھا کر اور قیمت گھٹا کر سعودی عرب مہنگا تیل پیدا کرنے والے ملکوں خصوصاً روس کو دباؤ میں لانا چاہتا ہے۔ سعودی وزیر تیل کا کہنا ہے کہ سعودی عرب مارکیٹ میں قیمت مقرر کرنا نہیں بلکہ اپنے تیل کی فروخت بڑھانا چاہتا ہے۔