سماہنی‘ تتہ پانی (غلام محی الدین‘ نامہ نگار) لائن آف کنٹرول سماہنی سیکٹر میں قابض بھارتی فوج کی شہری آبادی پر مارٹر بمباری سے گھر کے صحن میں کام کاج میں مصروف بہن اور بھائی زخمی ہو گئے۔ سوموار کی صبح لائن آف کنٹرول سماہنی سیکٹر کے گائوں بنڈالہ ڈھیری وینساں میں اچانک بھارتی قابض فوج نے محمد اشرف کے رہائشی مکان کے صحن میں مارٹر گولہ فائر کیا جس کی زد میں آکر صحن میں موجود محمد اشرف کا ایک بیٹا احمد علی عمر 21سال ایک بیٹی فضا اشرف عمر 14سال بلاسٹ گولہ کے شیل لگنے سے زخمی ہو گئے۔ دونوں زخمی بہن بھائیوں کو ابتدائی طبی امداد کیلئے باغسر شفٹ کیا گیا جہاں سے فوری طور پر بھمبر ڈی ایچ کیو ریفر کر دیا گیا جہاں پر ان کا علاج معالجہ جاری ہے۔ دریں اثناء بھارتی افواج حالیہ تشویشناک صورتحال میں بھی ایل اوسی پر اشتعال انگیزیوں سے باز نہ آئی۔ تتہ پانی گوئی سیکٹر کے سویلین آبادی کے علاقوں پر شدیدگولہ باری کی، تاہم مکین کسی بھی قسم کے نقصان سے محفوظ رہے۔ پاک فوج نے بھرپور جوابی کارروائی کی۔ کرونا وائرس کے پھیلائو کو روکنے کیلئے حکومتی لاک ڈائون کے باعث گھروں میں محصور ہوکر رہ جانے والے افراد کی مشکلات میں بھارتی افواج کی گولہ باری سے مزید اضافہ ہوگیا۔ حالیہ تشویشناک صورتحال میں بھی ایل اوسی پر اشتعال انگیزیوںکا سلسلہ جاری ہے۔ پیر کی شام بھی سفاک بھارتی افواج نے تتہ پانی گوئی سیکٹر کے میں اچانک گولہ باری شروع کردی اور مذکورہ سیکٹر کے سویلین آبادی کے علاقوں کو نشانہ بنایا۔ گولہ باری کا سلسلہ کئی گھنٹوں تک جاری رہا۔ تاہم ان علاقوں کے مکین کسی بھی قسم کے نقصان سے محفوظ رہے۔ پاک فوج کی جانب سے بھرپور جوابی کارروائی کی گئی۔
ایل او سی، سماہنی اور تتہ پانی سیکٹروں کی شہری آبادیوں پر بھارتی فائرنگ، بہن بھائی زخمی
Apr 01, 2020