میر جاوید رحمن انتقال کر گئے‘ میر شکیل کراچی پہنچ گئے

Apr 01, 2020

اسلام آباد+ کراچی+ لاہور (نمائندہ خصوصی+ نیوز رپورٹر+ نوائے وقت رپورٹ) جنگ گروپ کے چیئرمین اور پبلشر میر جاوید الرحمن طویل علالت کے بعد کراچی میں انتقال کر گئے۔ وہ پھیپھڑوں کے کینسر میں مبتلا اور طویل عرصے سے زیر علاج تھے۔ وہ 16 اگست 1946 کو پیدا ہوئے۔ مرحوم جنگ گروپ کے بانی میر خلیل الرحمٰن کے بڑے بیٹے اور میر شکیل الرحمن کے بھائی تھے جو میڈیا گروپ کے ایڈیٹر انچیف ہیں۔ احتساب عدالت لاہور نے میر شکیل الرحمان کو راہدری ریمانڈ پر کراچی جانے کی اجازت دیدی۔ احتساب عدالت کے جج جواد الحسن نے میر شکیل الرحمن کو جسمانی ریمانڈ ختم ہونے پر7 اپریل کو متعلقہ عدالت کے روبرو پیش کرنے کا حکم دیدیا۔ میر شکیل الرحمن کی طرف سے دائر درخواست میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ بھائی کے آخری دیدار کے لئے کراچی جانے کی اجازت دی جائے۔ میر شکیل الرحمان بھائی کی آخری رسومات میں شرکت کے لئے کراچی پہنچ گئے ہیں۔ پرنٹ میڈیا انڈسٹری کے ارکان نے میر جاوید رحمن کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ میڈیا کی صنعت سے وابسہ ارکان نے سوگوار خاندان اور مرحوم کے ساتھیوں سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو اپنے جوار رحمت میں جگہ دے اور غمزدہ خاندان اور ساتھیوں کو صبر جمیل عطا فرمائے۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار‘ صدر مسلم لیگ (ن) اور اپوزیشن لیڈر محمد شہباز شریف، صدر مسلم لیگ ق چودھری شجاعت حسین‘ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری‘ اے این پی کے سربراہ اسفند یار ولی‘ قومی وطن پارٹی کے چیئرمین آفتاب شیرپائو‘ سکندر حیات شیرپائو‘ وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان‘ سینٹ کی مجلس قائمہ برائے داخلہ کے چیئرمین سینیٹر رحمان ملک‘ چیئرمین سینٹ صادق سنجرانی، ڈپٹی چیئرمین سینٹ سلیم مانڈوی والا‘ سیکرٹری جنرل پیپلز پارٹی سید نیر حسین بخاری‘ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ‘ گورنر سندھ عمران اسماعیل و دیگر نے میر جاوید رحمن کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے مرحوم کی مغفرت‘ بلند درجات اور لواحقین کیلئے صبر جمیل کی دعا کی ہے۔

مزیدخبریں