غیر معیاری ٹیسٹنگ کٹس نے کئی جانوں کو خطرہ میں ڈال دیا: فواد چودھری، تصدیق شدہ ہیں :این ڈی ایم اے

Apr 01, 2020

اسلام آباد(صباح نیوز) وفاقی وزیر برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا ہے کہ صوبائی حکومتوں اور نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی(این ڈی ای ایم اے) کو وارننگ دینا چاہتا ہوں، کورونا وائرس کی غیر تصدیق شدہ ٹیسٹنگ کٹس کی بھرمار ہو رہی ہے، اگر بیمار مریض کو ٹیسٹ صحتمند ظاہر کر دے گا تو اس کا مطلب ہے کئی جانوں کو خطرے میں ڈالنا، جب تک ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان (ڈریپ) پاکستان کی اپنی کٹس کی تصدیق کرتا ہے آپ امپورٹ کریں لیکن صرف تصدیق شدہ کٹس۔ ان خیالات کا اظہار فواد چوہدری نے ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں کیا۔ جبکہ نجی ٹی وی سے انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ میں سوشل میڈیا میں کئی جگہ پر دیکھا کہ لوگوں نے کہا کہ ان کا ٹیسٹ ایک لیبارٹری سے مثبت آیا اور جب دوسرے لیبارٹری سے کروایا تو منفی آیا۔ انہوں نے کہا کہ میں ڈریپ سے پوچھا کہ جو کٹس درآمد کی جا رہی ہیں اس میں آپ سے تصدیق کروا رہے ہیں تو انہوں نے کہا نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ صحت مند شخص کو کورونا کا مریض ظاہر کر دیں تو اس کے لئے ذہنی پریشانی تو ہو گی لیکن زیادہ خطرناک یہ ہے کہ اگر کسی مریض کو جس کو کورونا وائرس ہے اس کو صحت مند قراردے دیا جائے تو وہ آرام سے پھرتا رہے گا اور وہ بہت سے لوگوں کو بیمارکر دے گا۔ ترجمان این ڈی ایم اے نے کہا ہے کہ کرونا کیلئے منگوائی گئیں ٹیسٹنگ کٹس تصدیق شدہ ہیں۔

مزیدخبریں