لاہور+کراچی (کامرس رپورٹر) پاکستان سٹاک مارکیٹ میں کئی ہفتوں کے بعد زبردست تیزی ریکارڈ کی گئی۔ 100انڈیکس میں 1208 پوائنٹس کا اضافہ ہوا۔ دوسری طرف فارکس مارکیٹ میں ڈالر روپے کے مقابلے میں مزید مہنگا ہو گیا۔ سٹاک مارکیٹ میں تیزی کا سلسلہ آج بھی جاری رہا۔ چار سال بعد ایک دن میں 1200 پوائنٹس کی تیزی رکارڈ کی گئی ہے۔ ٹریڈنگ کے اختتام پر 100 انڈیکس 1208 پوائنٹس اضافے سے 29 ہزار 231 پوائنٹس پر بند ہوا جبکہ پورے کاروبار میں 4.31 فیصد بہتری دیکھی گئی اور 18 کروڑ 61 لاکھ 53 ہزار 772 شیئرزکا لین دین ہوا۔ تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ عالمی سطح پر سٹاک مارکیٹس میں بہتری اور خام تیل کی قیمتوں میں اضافے کے باعث پاکستان سٹاک مارکیٹ میں بھی بہتری دیکھی جارہی ہے۔ دوسری جانب انٹر بینک میں ڈالر 56 پیسے اضافے سے 166روپے 70 پیسے پر بند ہوا۔