اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) حرم شریف میں مطاف کے حصے میں طواف کا سلسلہ دوبارہ شروع کرنے کی اجازت دے دی گئی ہے۔ جب کہ اس دوران کم لوگوں کا اجتماع ہی طواف کر سکے گا۔ طواف کے دوران خانہ کعبہ کے گرد حفاظتی ڈھانچہ کھڑا کیا گیا ہے اور زائرین کو کعبہ کے قریب جانے کی اجازت نہیں ہوگی۔ کرونا وائرس کی روک تھام کے لیے سعودی حکومت نے 23 مارچ سے21 روز کے لیے جزوی کرفیو کا اعلان کر رکھا ہے۔ اس سے قبل حفاظتی اقدامات کے تحت تمام مساجد بشمول مسجد الحرام اور مسجد نبویؐ کے اندرونی اور بیرونی حصے میں پنجگانہ نماز اور نماز جمعہ کی ادائیگی پر مکمل پابندی عائد کی جاچکی ہے۔ سعودی عرب میں لاک ڈاؤن کے باعث ریاض، مکہ اور مدینہ آنے جانے پر مکمل پابندی عائد کر رکھی ہے۔ سعودی حکام نے اس سے قبل وائرس سے بچاؤ کے لئے خانہ کعبہ کے اطراف سپرے کے لیے مطاف خالی کرایا تھا اور طواف کے عمل کو روک دیا گیا تھا۔