لاہور‘ اسلام آباد(سٹاف رپورٹر‘ نمائندہ خصوصی‘ ایجنسیاں‘ نوائے وقت رپورٹ) ملک بھر میں کرونا وائرس سے مزید 3 افراد کی اموات کے بعد ہلاکتوں کی کل تعداد 26 ہو گئی ہے۔ سندھ 676 ‘ پنجاب میں کیسز 708 ہو گئے ہیں‘ خیبر پی کے 253 ‘ بلوچستان 154 ‘ گلگت بلتستان 178 ‘ آزاد کشمیر 6 اور اسلام آباد میں متاثرین کی تعداد 58 تک پہنچ گئی ہے۔ ملک بھر میں متاثرین کی کل تعداد 2033 ہو گئی ہے۔ دنیا بھر میں ہلاکتیں 40 ہزار ہو گئی ہیں جبکہ کل متاثرین کی تعداد 8 لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے۔ امریکا میں 24 گھنٹے کے دوران مزید 409 کیسز سامنے آئے ہیں جس کے بعد متاثرین کی تعداد 163500 تک جا پہنچی ہے جب کہ ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 3 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔ اس حوالے سے کرونا وائرس ٹاسک فورس کی بریفنگ کے دوران امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ ہمارے پاس 10 کمپنیاں جو وینٹی لیٹرز بنا رہی ہیں جنہیں ہم نے اجازت دیدی ہے جب کہ دوسرے ممالک تو کبھی اس کی صلاحیت نہیں رکھتے، میرے خیال سے ہم جلد اچھے حالات میں ہوں گے۔ ادھر یورپی ملک اٹلی میں تیزی سے بڑھتے کیسز میں کمی آئی ہے اور گذشتہ24 گھنٹے کے دوران کوئی نیا کیس سامنے نہیں آیا لیکن اعداد و شمار کے مطابق یہاں کیسز کی مجموعی تعداد 101739 ہے جو تمام ممالک کے مقابلے میں دوسرے نمبر پر ہے جب کہ ہلاکتوں کی تعداد 11 ہزار ہے جو پوری دنیا میں سب سے زیادہ ہے۔ گذشتہ ہفتے سے سپین میں بھی تیزی سے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، 24 گھنٹے کے دوران 800 سے زائد افراد لقمہ اجل بن گئے ہیں جس کے بعد ہلاکتوں کی تعداد 7340 ہو گئی ہے جب کہ مجموعی کیسز کی تعداد 87956 ہے۔ چین میں کرونا وائرس سے متاثرین کی مجموعی تعداد 81518 ہے جس میں سے 76052 مریض شفا یاب ہو چکے ہیں جب کہ ہلاکتوں کی تعداد 3305 ہے۔ اعداد و شمار کے مطابق کرونا وائرس کے کیسز میں چین اب دنیا کے چوتھے نمبر پر آ گیا ہے جو عالمگیر وبا کے خاتمے کے لیے اچھی امید ہے۔ رائیونڈ تبلیغی مرکز میں کرونا وائرس کے کیس سامنے آ گئے جس کے بعد رائیونڈ سٹی کو مکمل لاک ڈاؤن کر کے تبلیغی مرکز کو قرنطینہ قرار دیدیا گیا۔ رائیونڈ سٹی کے تمام جنرل و میڈیکل سٹور اور دیگر دکانیں بند کرا دی گئیں اور کسی کو باہر نکلنے کی اجازت نہیں۔ رائیونڈ مرکز میں اب بھی 2200 افراد موجود ہیں۔ اسسٹنٹ کمشنر کے مطابق رائیونڈ سٹی میں ابتدائی طور پر تین روز مکمل لاک ڈاؤن رہے گا۔ رینجرز کے دستوں نے گلیوں میں گشت شروع کر دیا ہے کسی کو بھی گھر سے باہر نکلنے کی اجازت نہیں دی جا رہی۔ رائیونڈ تبلیغی اجتماع میں موجود 2200 افراد کا ٹیسٹ کیا جا رہا ہے۔ حیدر آباد میں اب تک کرونا وائرس کے تصدیق شدہ 128 کیس سامنے آ چکے ہیں۔ 128 میں سے 118 متاثرہ افراد کا تعلق تبلیغی جماعت سے ہے۔ ترجمان محکمہ صحت سندھ کے مطابق کراچی میں کرونا وائرس سے ایک اور شخص جان کی بازی ہار گیا۔ جاں بحق شخص کی عمر 74 برس اور کراچی کا رہائشی تھا اور سانس کی بیماری اور شوگر کا مریض تھا۔ بچیانہ اور جڑانوالہ سے نمائندہ نوائے وقت کے مطابق بچیانہ کے علاقہ میں کرونا سے پہلی ہلاکت ہوئی ہے۔ نواحی گائوں چک نمبر627گ ب کا رہائشی 24سالہ محمد عظیم ولد محمد طفیل کو گذشتہ دنوں طبیعت خراب ہونے پر فیصل آباد ہسپتال شفٹ کیا گیا تھا جو گذشتہ صبح دم توڑ گیا۔ مرحوم محمد عظیم کی باڈی کو ہسپتال سے اس کے گھر لے جانے کی بجائے سیدھا چک نمبر654گ ب کے مرکزی قبرستان پہنچایا گیا۔ گوجرانوالہ سے نمائندہ خصوصی‘ نوشہرہ ورکاں سے نمائندہ نوائے وقت اور فیروز والا سے نامہ نگار کے مطابق نوشہرہ ورکاں میں کرونا وائرس کا مشتبہ مریض جاں بحق ہو گیا۔ سعید تبلیغی جماعت کا کارکن تھا۔ ساٹھ سالہ سعید کی طبیعت اچانک خراب ہو گئی جسے اس کے اہل خانہ طبی امداد کے لئے شیخوپورہ ہسپتال لے گئے جہاں سعید جاں بحق ہو گیا۔ ہسپتال انتظامیہ نے متاثرہ شخص کو کرونا وائرس کا مشتبہ قرار دے کر نعش پولیس کے حوالے کر دی۔ مرحوم کی کرونا ٹیسٹ رپورٹ ٹیسٹ رپورٹ میڈیکل کے لئے بھیج دی گئی ہے۔ جاں بحق ہونے والے سعید کی نماز جنازہ پاک فوج اور پولیس کی موجودگی میں ادا کر دی گئی جس میں ایک بھائی اور دو بیٹوں کو شرکت کی اجازت دی گئی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ مرحوم کی کرونا رپورٹ دو دن بعد آئے گی۔ رپورٹ آنے کے بعد ہی کرونا سے ہلاکت کو کنفرم کیا جائے گا تاہم مرحوم محمد سعید کے گھر کو قرنطینہ ڈکلیئر کر کے تمام فیملی کو آئسولیشن میں رکھ دیا گیا ہے۔ محکمہ صحت کے مطابق متوفی افغانی تھا جبکہ انتظامیہ کے مطابق متوفی ایوب خان کو دل کی تکلیف کے باعث ہسپتال داخل کروایا گیا جہاںوہ دم توڑ گیا۔ پاکستان ریلوے نے گذشتہ روز رات بارہ بجے تک ٹرین آپریشن معطل کرنے کے نوٹیفیکشن میں توسیع کرتے ہوئے تاحکم ثانی ٹرین آپریشن کو معطل رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ چیئرمین ریلویز حبیب الرحمان گیلانی کی منظوری سے جاری کردہ نوٹیفیکیشن کے مطابق ٹرین آپریشن کے بحال ہوتے ہی بکنگ کرانے والوں کو ترجیحی بْنیادوں پر اْن کی مرضی کے مطابق جس ٹرین میں وہ سفر کرنا چاہیں دوبارہ بْکنگ کردی جائے گی۔ اگر کوئی مسافر سفر نہ کرنا چاہے تو ٹکٹوں کی مکمل رقم اْنہیں واپس کی جائے گی۔ پی ڈی ایم اے نے ہسپتالوں اور قرنطینہ مراکز کو امدادی سامان ارسال کر دیا۔کرونا وائرس کے باعث ملک کی 60 سے زائد بڑی کمپنیاں بند کر دی گئیں۔ دستاویز کے مطابق سٹاک مارکیٹ کو کمپنیوں کی بندش سے متعلق تحریری طور پر آگاہ کر دیا گیا ہے۔ ٹیکسٹائل‘ انجینئرنگ اور کارساز کمپنیوں کے کارخانے بند کر دیئے گئے۔ 22 بڑی ٹیکسٹائل فیکٹریاں بند کر دی گئیں۔ آٹو‘ سمبلرز اور آٹو پارٹس کی 12 کمپنیاں بند ہو گئیں۔ کیمیکل اور انجینئرنگ کی 12 کمپنیاں‘ سیمنٹ کی چار بڑی فیکٹریاں‘ نیشنل ریفائنری اور بائیکو ریفائنریز کو بند کر دیا گیا ہے۔ متعدد کمپنیاں پاکستان سٹاک ایکس چینج میں رجسٹرڈ ہیں۔ وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر نے کہا ہے کہ بندش سخت کیں تو بنیادی اشیاء نہیں ملیں گی۔ سیاست سے بالاتر ہو کر کام کیا اور کریں گے۔