لاہور (نیوز رپورٹر) کرونا سے بچاؤکے لئے وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اہم فیصلہ کرتے ہوئے صوبہ بھر میں کریانہ، گروسری اور جنرل سٹورز وغیرہ کے نئے اوقات کار مقررکر دئیے ہیں۔ نئے اوقات کار کے مطابق جنرل سٹور، گروسری اور کریانے کی دکانیں صبح 9بجے سے شام 5بجے تک کھلیں گی۔ میڈیکل سٹور اور فارمیسی کو نئے اوقات کار کی پابندی سے استثنیٰ حاصل ہوگا۔ نئے اوقات کار پر آج یکم اپریل سے عملدرآمد شروع ہوگا۔ عثمان بزدار نے کہاکہ نئے اوقات کار کا فیصلہ عوام کی صحت اور زندگی کے تحفظ کے لئے کیا گیا ہے۔ عوام کی صحت اور زندگی کے تحفظ کے لئے تمام ممکنہ اقدامات کرتے رہیں گے۔ عثمان بزدار نے کرونا وائرس کی مہم کے دوران دفعہ 144کی خلاف ورزی کرنے والے تمام شہریوں کو رہا کرنے کا حکم دے دیا ہے۔ پنجاب انصاف امداد پروگرام آج سے شروع ہوگا۔ امیدواران آن لائن/ ایس ایم ایس کے ذریعے اپلائی کریں گے اور تصدیق کے بعد 4ہزار روپے فی خاندان ادا کئے جائیں گے۔ صوبہ بھر کی مساجد اور مدارس میں جراثیم کش سپرے کیاجائے گا۔ سیمنٹ فیکٹریوں کو کرونا وائرس کی وجہ سے عائد پابندیوں سے مستثنیٰ کر دیا گیا ہے۔ کابینہ کمیٹی برائے انسداد کرونا کے اجلاس کے بعد میڈیا بریفنگ میں وزیراعلیٰ نے بتایا کہ پنجاب انصاف امداد پروگرام کے تحت 25لاکھ خاندانوں کو فی کس 4ہزار روپے مالی امداد دی جائے گی جس کے لئے 10 ارب روپے مختص کئے جا چکے ہیں۔ فارم کے حصول اور جمع کرانے کے لئے کسی دفتر نہیں آنا پڑے گا۔ پروگرام کو فول پروف اور کرپشن فری بنانے کے لئے کسی قسم کی سرکاری مداخلت نہیں ہوگی۔ امیدواروں کے کوائف کی تصدیق کے بعد انہیں 4ہزار روپے ادا کردئیے جائیں گے۔ عوام اپنی اور دوسروں کی صحت کے تحفظ کے لئے بلاضرورت گھر سے باہر آنے سے گریز کریں اور اپنے آپ کو ہر صورت میں محدود رکھیں۔ پنجاب میں 100بیڈز پر مشتمل ایکسپو سنٹر فیلڈ ہسپتال کل سے فنکشنل ہو جائے گا۔ صورتحال کنٹرول میں ہے اور حالات انشاء اللہ بہتری کی طرف جائیں گے۔ ویکسین کی تیاری کے لئے طبی ماہرین اور محققین کو تمام تروسائل مہیا کریں گے۔ ہسپتالوں اور قرنطینہ سنٹر وغیرہ میں پرسنل پروٹیکشن ایکویپمنٹ کی فراہمی کے لئے ہر ضلع میں ڈسٹرکٹ کمیٹی قائم کی جا رہی ہے۔ پنجاب میں تقریباً 1200تک ٹیسٹ روزانہ کئے جا رہے ہیں۔ ہر ڈویژن میں بی ایس ایل تھری لیول لیب فنکشنل ہونے کے بعد ہم روزانہ 5سے 7ہزار کرونا ٹیسٹ کی استعداد حاصل کرسکیں گے۔ کرونا کے خلاف جاری مہم میں برسر پیکار ڈاکٹرز‘ ہیلتھ پروفیشنلز، صحافی اور دیگر ڈیوٹیاں سرانجام دینے والے افسر میرے لئے قابل قدر ہیں۔ ذخیرہ اندوزوں سے نمٹنے کے لئے موثرمہم جاری ہے۔ اشیائے ضروریہ کی فراہمی کسی صورت میں متاثر کرنے کی اجازت نہیں دیں گے ناگہانی صورتحال سے نمٹنے کے لئے ہنگامی پلان بھی تیار کر لیا گیاہے۔ حکومت پنجاب نے کرونا کے علاج کے لئے سب سے پہلے ڈاکٹر طاہر شمسی سے رابطہ کیا اور مشاورت کی۔ انشاء اللہ پاکستان سب سے پہلے مدافعت پیدا کرنے والی ویکسین تیار کرنے میں کامیاب ہوگا۔ پولیس میں فوری طور پر 10 ہزار سے زائد بھرتیاں کی جائیں گی۔ منظور شدہ خالی آسامیوں کومراحلہ وار پر کیا جائے گا- پولیس کے انویسٹی گیشن اور آپریشنل امور کے لئے 25 کروڑ روپے فراہم کئے جائیں گے - پولیس کے لئے 500 سنگل کیبن پک اپ گاڑیاں خریدی جائیں گی- اگلے بجٹ میں مزید 182 گاڑیاں خریدنے کے لئے 75 کروڑ 57 لاکھ روپے فراہم کئے جائیں گے - 45تھانوں کی زیر تعمیر عمارتیں مکمل کر کے فعال کی جائیں گی- 101تھانوں کو سرکاری اراضی منتقل کرکے نئی عمارتیں تعمیر کی جائیں گی- پولیس کے خدمت مراکز کو دور جدید کے تقاضوں سے ہم آہنگ کریں گے -پولیس کو پبلک فرینڈلی بنانے کے لئے تمام تر اقدامات کریں گے۔ عثمان بزدار نے کرونا کرائسسز مینجمنٹ سیل کا دورہ کیا۔ بریفنگ کے دوران بتایا گیاکہ مینجمنٹ سیل میں عالمی، قومی، صوبائی او راضلاع کی سطح پر صورتحال کاجائزہ لیا جا رہاہے -مختلف شہروں میں آٹے او ردیگر اشیائ صرف کی سپلائی اور رسد کو بھی مانیٹر کیا جا رہا ہے۔ دفعہ 144کی خلاف ورزی کرنے والوں کا ڈیٹا مرتب کیا جا رہا ہے۔عثمان بزدار سے کرونا وائرس پر ریسرچ کے لئے قائم ایکسپرٹ فورم کے کنونیر پروفیسر ڈاکٹر محمود شوکت، پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم اوردیگر ماہرین نے ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ کو بتایا گیاکہ پنجاب میں پرسنل پروٹیکشن ایکوپمنٹ کی مقامی سطح پر تیاری شروع کر دی گئی ہے- مقامی طو رپر تیار کردہ پرسنل پروٹیکشن ایکوپمنٹ کورونا سے بچاؤ کے عالمی سٹینڈرڈ کے عین مطابق ہے۔ ڈریپ نے وائرس کے بارے میں پنجاب کی سٹڈی منظور کر لی۔ مقامی کرونا وائرس کے جینوم چین میں پائے جانے والے وائرس سے مختلف ہیں، مقامی وائرس میں 9تبدیلیاں ہیں جس کی وجہ سے غیر ملکی ویکسین غیرموثرہوسکتی ہے۔ وائرس ٹیسٹ کے لئے کٹ بھی مقامی سطح پر تیار کی جائے گی۔ عثمان بزدار نے کہاکہ ریسرچ کے لئے تمام تر وسائل فراہم کئے جائیں گے۔
پنجاب میں بھی اشیائے ضروریہ کی دکانیں شام 5بجے بند
Apr 01, 2020