اسلام آباد (صباح نیوز)وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ونشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ اپوزیشن اپنے اختلافات کو قرنطینہ میں رکھ دے اور مل کر اور سرجوڑ کر عوام کو اس مسئلہ سے نجات کے لئے لائحہ عمل اور حکمت عملی بنائیں،حکومت کو تجاویز دیں اور آئیں مل کر کام کریں ، شہباز شریف نے توپوں کا رخ حکومت کی طرف کیا ہوا ہے،آئے دن کوئی نہ کوئی ایسا بیان داغ دیتے ہیں جس سے ہم آہنگی کی فضا تار، تار ہوتی ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے نجی ٹی وی سے انٹرویو میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ میاں محمد شہباز شریف جب سے خودساختہ جلاوطنی سے واپس آئے ہیں آتے ہی انہوں نے اپنی توپوں کا رخ حکومت کی طرف کیا ہوا ہے اور آئے دن کوئی نہ کوئی ایسا بیان داغ دیتے ہیں جس سے ہم آہنگی کی فضا تار، تار ہوتی ہے اور اس کے نتیجہ میں اس مسئلہ پر ایک تقسیم شدہ نقطہ نظر میڈیا کے ذریعہ سامنے آتا ہے جو نہیں ہونا چاہئے اور اس کے ذ ریعہ عوام میں اشتعال، اضطراب اور بہت زیادہ مایوسی پیداہوتی ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان جس نیشنل کوآرڈینیشن کمیٹی کی سربراہی کررہے ہیںاس میں گلگت بلتستان کے وزیر اعلیٰ اور آزاد کشمیر کے وزیراعظم بھی شامل ہیں جو دونوں (ن)لیگ کی نمائندگی کرتے ہیں۔ سندھ کے وزیر اعلیٰ پاکستان پیپلز پارٹی کی نمائندگی کرتے ہیں اور بلوچستان میں اتحادی جماعتوں کی حکومت ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب نیشنل کوآرڈینیشن کمیٹی بیٹھتی ہے تو اس میں سیاسی قیادت ہی نہیں بلکہ فوجی قیادت بھی مل بیٹھ کر ان مسائل کا حل تلاش کرتی ہے اور جو فیصلے ہوتے ہیں وہ مشترکہ مشاورت سے اورسب کی رائے جاننے کے بعد ہوتے ہیں ، نیشنل کوآرڈینیشن کمیٹی تمام سیاسی جماعتوں کااور قیادت کا ا یک حسین امتزاج ہے اور اسی پلیٹ فارم سے ہونے والے فیصلے قومی ہم آہنگی کی عکاسی کرتے ہیں۔ جبکہ منگل کے روز اپنے ٹویٹ میں فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ اے پی این ایس ،سی پی این ای اور پی بی اے کے نمائندگان سے ملاقات ہوئی۔ میڈیا کی ترقی،ورکرز کی فلاح اور اس صنعت سے وابستہ مسائل کا حل حکومت کی ترجیح ہے۔وزیراعظم کی میڈیا کے واجبات کی ادائیگی کیلئے واضح ہدایات ہیں۔پوری کوشش ہے کہ ادائیگیوں کا معاملہ جلدحل کر لیا جائے۔
شہباز شریف کی توپوں کا رخ حکومت کی طرف ، اپوزیشن اپنے اختلافات قرنطینہ مین رکھ دے: فردوس عاشق
Apr 01, 2020