پروٹیز ٹور:بالنگ کوچ وقار یونس کی فاسٹ بالرز پر توجہ مرکوز

Apr 01, 2021

کراچی ( اسپورٹس ڈیسک)جنوبی افریقہ کیخلاف جمعے کو شروع ہونے والی ون ڈے سیریز سے قبل قومی ٹیم کی سینچورین میں پریکٹس کا سلسلہ جاری ہے۔گزشتہ روز بھی پاکستانی کھلاڑیوں نے خوب پسینہ بہایا اور جسمانی ورزشوں کے علاوہ فیلڈنگ ڈرلز میں مصروف نظر آئے تو اسی دوران بیٹنگ پریکٹس کی نگرانی کرنے والے بیٹنگ کوچ یونس خان نے تمام بیٹسمینوں کو مختلف بالرز کے سامنے بیٹنگ کرائی جبکہ وقاریونس اس دوران فاسٹ بالرز شاہین آفریدی اور حسن علی کے علاوہ شاداب خان کو ہدایات اور مشورے دیتے رہے تاکہ وہ پہلے ون ڈے سے قبل خود کو پوری طرح تیار کرلیں۔واضح رہے کہ گزشتہ روز صبح کے وقت بالنگ کوچ وقار یونس،کپتان بابر اعظم اور سینئر بیٹسمین محمد حفیظ نے گالف کے کھیل میں بھی طبع آزمائی کی۔قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مصباح الحق پرعزم ہیں کہ گرین شرٹس کو سینچورین اور وانڈررز پر کامیابی مل سکتی ہے کیونکہ ان دونوں میدانوں کی وکٹوں پر ماضی میں بھی پاکستانی ٹیم کی کارکردگی بہتر رہی ہے اور کھلاڑی یہاں کھیل کر لطف اٹھاتے رہے ہیں جس کی وجہ یہاں باؤنس اور پیس میں مستقل مزاجی بھی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اچھا پیس اٹیک پاکستان کی کامیابی کا باعث ہوگا۔

مزیدخبریں