اسلام آباد(کامرس ڈیسک) وزیراعظم کی ٹاسک فورس برائے آئی ٹی و ٹیلی کام نے ملک میں ڈیجیٹلائزیشن کے عمل کیلئے مقرر کردہ اہداف کی تکمیل کی جانب وزارت آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکشن کی کارکردگی پر اپنے گہرے اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ رائٹ آف وے پالیسی کی منظوری، ٹیلی کام سیکٹر کو انڈسٹری کادرجہ دلانے، مختلف ٹیکسوں میں کمی، ایز آف ڈوئنگ بزنس، پرسنل ڈیٹا پروٹیکشن بل کی تیاری، پاکستان کی پہلی کلاؤڈ پالیسی، نیشنل سائبر سیکیورٹی پالیسی سمیت مختلف اقدامات وزارت آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکشن کی انقلابی کارکردگی کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔وزیراعظم کی ٹاسک فورس برائے آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکشن کا اجلاس وفاقی وزیر سید امین الحق کی صدارت میں بدھ کو یہاں منعقد ہوا جس میں ، سیکریٹری آئی ٹی شعیب احمد صدیقی، چیئرمین پاشا، برکھان سعید سمیت ٹاسک فورس کے دیگر ممبران اور وزارت آئی ٹی کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔اجلاس سے خطاب میں وفاقی وزیر سید امین الحق کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم عمران خان نے قوم کو ڈیجیٹل پاکستان کا ایک ویڑن دیا، جس کی تکمیل کیلئے وزارت آئی ٹی پر بھاری ذمہ دارریاں عائد کی گئیں۔ ڈیجیٹلائزیشن کے عمل کیلئے بین الاقوامی معیار کے تحت وزارت میں اصلاحات کی گئیں اور انتہائی انتہائی تجربہ کار اور اعلیٰ تعلیمیافتہ ٹیم کی تشکیل کے بعد ڈیجیٹل پاکستان ویڑن کی راہ پر گامزن ہوگئے ہیں ، انھوں نے کہا کہ ویڑن کی تکمیل کیلئے آنے والی تمام رکاوٹوں اور مشکلات کے باوجود ملک و قوم کو ڈیجیٹل دنیا سے ہم آہنگ کرنے کیلئے تمام شعبوں میں تیزی سے کام کیئے جارہے ہیں جبکہ آئی ٹی اور ٹیلی کام سیکٹر کیلئے مختلف پالیسیوں اور پراجیکٹس کی تکمیل کے بعد ڈیجیٹلائزیشن کا عمل سہل ہوجائے گا۔جبکہ روزگار کے مواقع پیدا ہونے کے ساتھ ملک کی معاشی و اقتصادی صورتحال بہتر ہوگی۔
آئی ٹی پروجیکٹس کی تکمیل ڈیجٹلائزیشن کا عمل سہل ہو جائیگا امین الحق
Apr 01, 2021