لاہور( خصوصی نامہ نگار)چیئرمین سپریم کونسل منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے کہا ہے کہ نظام المدارس پاکستان مدارس دینیہ کے طلباء کو شرعی علوم پڑھانے کے ساتھ انہیں عصری علوم کی تعلیم بھی دے گا ان عظیم مقاصد کے حصول کے لیے عصری تقاضوں سے ہم آہنگ نصاب تیار کر لیا ہے جو مطالعہ کیلئے آن لائن دستیاب ہے۔ منہاج القرآن علم، عمل اور تجدید کی تحریک ہے،ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے نظام المدارس پاکستان کے لیے نئے نصاب کا قوم کو تحفہ دیا ہے، اس موقع پرخرم نواز گنڈاپور، علامہ امداد اللہ، علامہ میر آصف اکبر،ڈاکٹر ممتاز الحسن باروی،نائب ناظم اعلیٰ میڈیا افیئرز نوراللہ صدیقی موجود تھے۔ علامہ میر آصف اکبر نے نظام المدارس پاکستان کے ساتھ الحاق کرنے والے مدارس اور نئے نصاب کے حوالے سے رپورٹ پیش کی۔ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے کہا کہ نظام المدارس پاکستان کے ذریعے مدارس دینیہ کو علم، تربیت اور اسلام اور انسانیت کی خدمت کے مراکز میں تبدیل کریں گے۔، چیئرمین سپریم کونسل نے مدارس کی رجسٹریشن کے حوالے سے اطمینان کا اظہار کیا۔