اسلام آباد(محمد رضوان ملک ) حکومت نے پی ڈی ایم میں دراڑیں ڈالنے اور مسلم لیگ ن کو مزید تنہاء کرنے کے لئے وزراء کو ٹاسک سونپ دیا ہے۔ ذرائع کے مطابق پیپلز پارٹی کی جانب سے پی ڈی ایم کے اجلاس میں استعفوں سے انکار کے بعد وزراء کو کہا گیا ہے کہ وہ پی ڈی ایم میں شامل نو جماعتوں کو جو ایک صفحے پر ہیں ان کو بھی مسلم لیگ ن سے الگ کریں تاکہ ن لیگ کو مزید تنہاء کیا جاسکے۔ اس حوالے سے حکومت کی جانب سے پی ڈی ایم کی چھوٹی جماعتوں سے اندرون خانہ رابطہ شروع کر دئیے گئے ہیں۔ذرائع کے مطابق سینٹ میں قائد حزب اختلاف کی نشست میں چند چھوٹی جماعتوں کی جانب سے یوسف رضا گیلانی کی حمایت کے بعد حکومت میں اعلیٰ سطح پر یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ پیپلز پارٹی کے بعد پی ڈی ایم میں شامل چھوٹی اپوزیشن جماعتوں پر کام کیا جائے تاکہ مسلم لیگ ن کو تنہاء کیا جاسکے اور حکومت پر پریشر میں کمی آئے۔ یاد رہے کہ مسلم لیگ ن جو پہلے ہی حکومت کے ساتھ کسی بھی قسم کے مذاکرات سے انکاری ہے حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ مسلم لیگ ن کو چھوڑ کر پی ڈی ایم میں شامل دیگر چھوٹی جماعتوں پر کام کیا جائے ۔یہی وجہ ہے کہ حکومتی وزراء سرعام اپوزیشن جماعتوں کو انتخابی اصلاحات کے حوالے سے مذاکرات کی دعوت دے رہے ہیں تاکہ مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی میں بڑھتے فاصلوں کے بعد مسلم لیگ ن کو پی ڈی ایم میں مزید تنہاء کیا جاسکے۔