کراچی ( کامرس رپورٹر) کراچی میں چینی بحران پر قابو پانے کی کوششوں کے باوجود سٹہ باز اور ذخیرہ اندوز سرگرم نظر آرہے ہیں۔ مارکیٹ ذرائع کے مطابق رمضان سے قبل چینی کی مصنوعی قلت پیدا کرکے عوام کو منہ مانگے داموں فروخت کی جارہی ہے۔ ایف آئی اے کی جانب سے کریک ڈاؤن کے باوجود سٹہ بار اور ذخیرہ اندوز سرگرم ہیں۔ حکومت کی جانب سے بھارت سے چینی کی درآمد کے اعلان کے بعد عوام نے امید ظاہر کی ہے حکومت کے اقدام سے شہریوں کو کچھ ریلیف ملے گا، لیکن سٹہ باز اور ذخیرہ اندوز عوام کو یہ ریلیف پہنچنے نہیں دیں گے۔ عوام نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ چینی سمیت تمام اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں مصنوعی اضافہ کرنے والے عناصر کے خلاف سخت سے سخت کارروائی کی جائے، رمضان المبارک سے قبل عوام کو ریلیف مہیا کیا جائے تاکہ مہنگائی کے اس دشوار دور میں غریب عوام کو کچھ سہولت میسر آسکے۔ منڈی ذرائع کے مطابق خدشہ ہے کہ بھارت سے درآمد کی جانے والی چینی اور گندم کی خردبرد کیلئے سٹہ باز سرگرم ہوچکے ہیں۔