کرونا مزید 78اموات دوسے روز بھی 5لاکھ چینی ویکسن پہنج گئی

Apr 01, 2021

اسلام آباد+ راولپنڈی ( وقائع نگار خصوصی +جنرل رپورٹر + اپنے سٹاف رپورٹر سے +نوائے وقت رپورٹ + آئی این پی) ملک بھر میں کرونا وائرس سے مزید78 افراد جاں بحق ہو نے کے بعد اموات کی تعداد14 ہزار 434 ہوگئی۔ پاکستان میں کرونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 6 لاکھ 67 ہزار 957 ہوگئی۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران4  ہزار757 نئے کیسز رپورٹ ہوئے۔ وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا ہے کہ10 مارچ کو کرونا ویکسین لگوانے والے بزرگ شہری یکم اپریل کو دوبارہ ویکسین لگوائیں، کرونا ویکسین کی دوسری ڈوز لگوانے والے بزرگ شہری پہلی ڈوز لگوانے والے ویکسینیشن سنٹر پر تشریف لے کر جائیں۔ ڈاکٹر یاسمین راشد نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ کرونا ویکسین کی دوسری ڈوز لگوانے والے بزرگ شہریوں کی سہولت کیلئے اتوار والے دن بھی ویکسینیشن سنٹرز کھلے رہیں گے۔ پہلی ڈوز لگوانے والے بزرگ شہریوں کو دوسری ڈوز21 دن بعد لگے گی۔ ویکسینیشن سنٹرز پر وافر مقدار میں کرونا ویکسین دستیاب ہے۔ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کرونا ایس اوپیز کی خلاف ورزی پر کریک ڈان کرتے ہوئے پاکستان سپورٹس کمپلیکس کو 4 روز کیلئے بند جبکہ6  ہوٹل، 7 ریستوران اور11 دکانیں سیل کر کے 13 افراد کو گرفتار کر لیا گیا۔ دنیا کا کوئی خطہ کرونا وائرس کی موذی وباء سے محفوظ نہیں۔ اس کے مریضوں اور اموات میں مسلسل اضافہ جاری ہے۔ دنیا بھر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 5 لاکھ 77 ہزار سے زائد نئے کیسز سامنے آئے ہیں۔ جبکہ 12 ہزار سے زائد افراد موت کے منہ میں پہنچ گئے۔ دنیا بھر میں کرونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 12 کروڑ 82 لاکھ 42 ہزار 488 تک جا پہنچی ہے۔ جبکہ اس موذی وائرس سے اموات 28 لاکھ 4 ہزار 370 ہو گئیں۔ چین کی ویکسین سائینو فارم کی مزید 5 لاکھ ویکسین دوسرے روز پاکستان پہنچیں گی۔ نور خان ائربیس اسلام آباد میں ویکسین وصول کرنے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا کہ ملک میں تیسری لہر تیز ہو گئی ہے۔ ماسک کے استعمال‘ سماجی فاصلے اور ہجوم سے اجتناب سمیت وائرس سے بچاؤ کی ایک سٹریٹجی ویکسی نیشن ہے۔ 30 مارچ سے ہم نے 50 سال سے زائد عمر کے افراد کے لئے بھی ویکسی نیشن کی رجسٹریشن کا آغاز کر دیا ہے اور آہستہ آہستہ ان کا مرحلہ بھی آ جائے گا۔ فیصل آباد شہر اور گردونواح میں کرونا کے حملوں میں 12 افراد زندگی کی بازی ہار گئے جبکہ 40 افراد میں کرونا رپورٹ مثبت آ گئی۔ ضلع بھر میں لاک ڈاؤن اور کرونا ایس او پیز کی خلاف ورزی پر گزشتہ 16ایام میں مجموعی طور پر 787 مقامات کو سیل اور دکانداروں کو سوا دس لاکھ روپے کے جرمانے کئے جا چکے ہیں۔ خلاف ورزی پر 523 شاپنگ مالز و پلازے‘ 172ریسٹورنٹس‘ 36 شادی ہالز اور 56 نجی سکولوں کو سیل کیا۔ ڈسکہ سے نامہ نگار/ نمائندہ خصوصی کے مطابق کرونا ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے پر تین دکانداروں کیخلاف مقدمہ درج کر لیا۔ سمبڑیال سے نمائندہ نوائے وقت کے مطابق اسسٹنٹ کمشنر سمبڑیال نے14دکانوں کو سیل کر دیا۔ اسسٹنٹ کمشنر کی کارروائیاں‘ سکول مالک کے خلاف مقدمہ درج‘ میرج ہال سمیت متعدد افراد کو جرمانے کئے۔ سرگودھا شہر کے علاقہ سیٹلائٹ ٹاؤن کا شہباز خان ثانوی تعلیمی بورڈ میں ڈیلی ویجز ملازم تھا۔ کرونا کی تصدیق پائی گئی۔ شہباز خان کو نوکری سے فارغ کر دیا تھا جو گزشتہ روز کرونا سے لڑتے ہوئے زندگی کی بازی ہار گیا۔ اسسٹنٹ کمشنر تحصیل فیروزوالا چودھری مظہر علی سرور نے میونسپل کارپوریشن فیروز والا کے چیف آفیسر چودھری عثمان لیاقت بھدر‘ انفورسمنٹ انسپکٹر ملک غلام مہدی کے علاوہ دیگر ملازمین کے ہمراہ کوٹ عبدالمالک‘ لاہور روڈ‘ امامیہ کالونی‘ جی ٹی روڈ اور دوسا کو چوکے کے علاقہ میں ایس او پیز کی خلاف ورزی کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے متعدد دکانیں سیل کر دی اور ماسک نہ پہننے والے افراد کو جرمانہ کیا گیا۔ شیخوپورہ میں کرونا ایس او پیز کو چیک کرنے کیلئے ڈپٹی کمشنر شیخوپورہ چودھری محمد اصغر جوئیہ نے مختلف مارکیٹوں‘ بس اور ویگن سٹینڈوں‘ شاپنگ مالز‘ موبائل مارکیٹس کا دورہ کیا اور ایس او پیز پر عمل نہ کرنے پر 40 افراد کو حراست میں لینے کے ساتھ ساتھ متعدد دکانوں کو بھی سیل کر دیا۔ گوجرانوالہ میں کرونا کے 36 نئے کیسز سامنے آ گئے۔ تعداد 759 ہو گئی۔ جبکہ ضلعی انتظامیہ نے 77 دکانیں سیل کی اور 1021 کارروائیوں کے دوران 7 لاکھ 57 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا۔ 30 افراد کے خلاف مقدمہ درج۔ جبکہ اسسٹنٹ کمشنر نے ہیڈ کوارٹر میں 533 کارروائیوں کے دوران 2 لاکھ 54 ہزار جرمانہ کئے گئے۔ ڈپٹی کمشنر نے مزید کہا کہ ایس او پیز کی خلاف ورزی پر سخت ایکشن لیا جائے گا۔ اوکاڑہ ڈپٹی کمشنر عامر عقیق خان کی ہدایت پر ضلعی افسران ان ایکشن۔ تفصیلات کے مطابق تینوں تحصیلوں میں گزشتہ روز 243 شاپنگ مالز‘ دکانوں‘ مارکیٹوں کو چیک کیا گیا۔ خلاف ورزی پر 35 ہزار 5 سو روپے جرمانہ کیا گیا۔ جبکہ تین دکانوں کو ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے پر سیل کر دیا گیا۔ کامونکے نائب تحصیلدار نے دفعہ 144 کی خلاف ورزی کرنے پر دکانیں سیل کر کے مالکان کے خلاف مقدمات درج کروا دیئے۔ ہوٹلوں اور جوتوں کی دکان کو سیل کر دیا۔ جبکہ ماسک نہ پہننے والے آٹھ شہریوں کو جرمانے بھی کئے۔ نوشہرہ ورکاں میں کڑیال روڈ کی رہائشی گورنمنٹ گرلز ہائی سکول نمبر1نوشہرہ ورکاں کی ریٹائرڈ ٹیچر نسیم اختر زوجہ محمد وکیل آرائیں انتقال کر گئیں۔ مردان میں وباء بے قابو ہو گئی اور گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران مردان میڈیکل کمپلیکس میں زیرعلاج 4 افراد دم توڑ گئے جن میں تین خواتین بھی شامل ہیں۔ گجرات کے سیکرٹری آر ٹی اے میڈم اقصیٰ ریاض نے خلاف ورزی پر 8 گاڑیاں مختلف تھانوں میں بند کر دی ہیں جبکہ 15 گاڑیوں کے مالکان پر جرمانے عائد کر دیئے ہیں۔ 22 ہزار روپے جرمانہ عائد کر دیا۔ آزاد کشمیر میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران مزید 142 افراد میں کرونا وائرس کی تصدیق ہوئی۔ 80 مریض صحت یاب ہوئے ہیں۔ کرونا وائرس کی وجہ سے 3 مریض فوت ہوئے ہیں۔ جن میں سے1 کا تعلق پونچھ‘ 1 کا بھمبر اور 1 کا میرپور سے ہے۔  دوسری جانب وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر نے کہا تھا کہ پاکستان‘ چین کی کرونا ویکسین کین سینو بائیولوجکس وسیع پیمانے پر درآمد کرے گا۔ جس کی 30  لاکھ خراکیں مقامی سطح پر بنائی جائیں گی۔ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں اسد عمر نے کہا کہ ’ اپریل  کے وسط تک ہمیں  وسیع پیمانے پر کین سینوویکسین مل جائے گی۔ جس سے ویکسین کی 30  لاکھ خوراکیں بنائی جایں گی‘۔ وسیع پیمانے پر حاصل ہونے والی ویکسین کی خوراکیں پاکستان میں تیار کی جائیں گی‘  جس کے لئے خصوصی آلات خرید لئے ہیں اور عملے کو تربیت دی جا رہی ہے۔ بے نظیر بھٹو ہسپتال کے3 ڈاکٹر کوروناوائرس میں مبتلا ہوگئے ۔ کرونا کے باعث بدھ کو ضلع راولپنڈی میں سات افراد زندگی کی بازی ہار گئے۔  ضلع بھر میں انٹر و انٹرا سٹی ٹرانسوپرٹ میں51چھاپے مارے گئے اور96000 روپے کا جرمانہ عائدکر کے80 گاڑیوں کو ضبط کیا گیااسی طرح42 پبلک پلیس و پارک کا معا ئنہ کرتے ہوئے3500 روپے کا جرمانہ اور شاپنگ مالز، مار کیٹس اور پلا زوں میں سے100کا معا ئنہ کیا گیا جن میں سے 12کو خلاف ورزی کا مر تکب پا تے ہوئے سیل جبکہ81000روپے کا جرمانہ عائد کیا گیا اسی طرح 23میرج ہا لز اور 59ریسٹو را نٹس چیک کئے گئے اورکورونا وائرس ایس او پیز کی خلاف ورزی کے مر تکب08ر یسٹو را نٹس کوسیل اور73000 روپے کا جرمانہ عائدجبکہ ایک میرج ہال کو سیل اور15000 روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔ کراچی (نامہ نگار)  سندھ میں 6  اپریل سے لاک ڈاؤن کے نفاذ کاف یصلہ ‘ ذرائع کے مطابق سندھ حکومت نے کرونا کی تیسری  لہر کو انتہائی خطرناک قرار دیتے ہوئے سندھ میں شادی کی تقریبات پر پابندی‘  کاروبار کا وقت صبح چھ سے رات 8  تک کرنے کاف یصلہ کیا ہے‘  محکمہ داخلہ سندھ کے مطابق نئی پابندیوں کا اطلاڑ 11  اپریل تک نافذ العمل  رہے گا۔ مالک لازمی قرار دیا گیا ہے۔

مزیدخبریں