ملتان (نمائندہ نوائے وقت) جنوبی پنجاب سیکریٹریٹ کے معاملے پر جنوبی پنجاب سے تعلق رکھنے والے وزراء اور اراکین اسمبلی کا ہنگامی اجلاس، جنوبی پنجاب سیکریٹریٹ پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہ کرنے کا فیصلہ،وزیراعلی پنجاب سے مسئلہ فوری طور پر حل کرنے کا مطالبہ کردیا،ذرائع کے مطابق وزیرتوانائی پنجاب ڈاکٹراخترملک کی زیر صدارت جنوبی پنجاب سے تعلق رکھنے والے اراکین اسمبلی کا ایک ہنگامی اجلاس منعقد ہوا جس میں وزیر قانون راجہ بشارت، وزیر خزانہ ہاشم جواں بخت، وزیر لائیو سٹاک حسنین دریشک، وزیرآبپاشی محسن لغاری،ڈپٹی سپیکر دوست محمد مزاری،وزیر ٹرانسپورٹ جہانزیب کھچی،وزیر زراعت حسین جہانیہ گردیزی اور مشیر صحت حنیف پتافی نے شرکت کی اس موقع پر صوبائی وزیر توانائی ڈاکٹر اختر ملک نے کہا کہ جنوبی پنجاب کے عوام کے مفادات پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور پی ٹی آئی کی قیادت عوام کے حقوق کے منافی کوئی اقدام نہیں اٹھائے گی۔ ڈاکٹر اختر ملک نے کہا کہ وزیر اعلی عثمان بزدار نے ایک نوٹی فکیشن کی وجہ سے جنوبی پنجاب میں پائی جانیوالی بے چینی کا نوٹس لیا ہے اور وسیب کے عوام میں پیدا ہونے والے خدشات کے خاتمہ کے لئے میرے سمیت جنوبی پنجاب سے تعلق رکھنے والے کابینہ اراکین سے مشاورت طلب کی ہے۔اس سلسلے میں کابینہ کے جنوبی پنجاب سے تعلق رکھنے والے اراکین کا ایک اجلاس منعقد کیا ہے جس میں قانونی معاملات کا جائزہ لینے کے لئے لاء ڈیپارٹمنٹ سمیت سینئیر بیوروکریسی کو بھی طلب کیا گیا تھا.انہوں نے بتایا کہ آج جمعرات کو اس حوالے سے حتمی اجلاس دوبارہ منعقد ہو گا جس میں تمام قانونی پہلووں کا جائزہ لیا جائے گا اور شفارشات تیار کرکے وزیراعلیٰ عثمان بزدار کو ارسال کی جائیں گی۔