لاہور 2 اضلاع میں تقسیم مری ، تونسہ کو ضلع بنایا جائیگا : کپتان کیساتھ ڈٹ کر کھڑے ہیں : عثمان بزدار 

Apr 01, 2022

ڈیرہ غازی خان‘ رحیم یارخان‘لاہور  ( بیورو رپورٹ‘ ڈسٹرکٹ رپورٹ‘نیوزرپورٹر)وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے پنجاب کے نئے انتظامی یونٹس بنانے کا اعلان کیا ہے۔ صحافیوں کے ساتھ غیر رسمی گفتگو میں بتایا کہ پنجاب میں 3 نئے اضلاع اور 2 نئی تحصیلیں بنانے کی اصولی منظوری دے دی ہے۔ لاہور کو 2 اضلاع میں تقسیم کرنے کا اصولی فیصلہ کیا ہے جبکہ تحصیل مری  تحصیل تونسہ شریف کو  ضلع بنایا جائے گا جبکہ راولپنڈی میں 2 نئی تحصیلیں بنائی جائیں گی۔ عوام کی فلاح وبہبود اور گڈگورننس کیلئے نئے اضلاع بنائے جارہے ہیں۔ ہم اس پر کافی دیر سے کام کررہے ہیں، اس کیلئے قائم کمیٹی نے سفارشات پیش کی ہیں۔  پسماندہ علاقوں میں طالبات کے لئے نرسنگ کالجز میں داخلے کے لئے 20فیصد کوٹہ مختص کرنے کی منظوری دے دی ہے۔ وزیراعلیٰ  نے ایک صحافی کے سوال پر لاہور پریس کلب کی سالانہ گرانٹ 2کروڑ روپے کرنے کا اعلان کیا۔ دریں اثناء  عثمان بزدار سے وزیراعلیٰ آفس میں صوبائی وزراء و ارکان پنجاب اسمبلی نے ملاقاتیں کیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان ملک کی بقاء کی جنگ لڑرہے ہیں۔ وزیراعظم عمران خان نے قوم کو عزت سے جینا سکھایا ہے۔ وزیراعظم عمران خان جیسے لیڈر کسی بھی قوم کا فخرہوتے ہیں اور ہم سب وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں متحد ہیں۔ کپتان کے ساتھ ڈٹ کر کھڑے ہیں اور ہر سازش کو ناکام بنائیں گے۔ عثمان بزدار نے کہا کہ وزیراعظم  قیادت میں پی ٹی آئی کی حکومت عوامی خدمت کے سفر کو جاری رکھے گی۔ میں کل بھی وزیراعظم عمران خان کا سپاہی تھا اور آج بھی ان کا سپاہی ہوں۔ عثمان بزدار سے ملاقات کرنے والوں میں ڈاکٹر اختر ملک، خیال احمد کاسترو، اشرف رند، نیاز احمد، عامر نواز چانڈیا اور دیگر شامل تھے۔

مزیدخبریں