بھوپال(این این آئی) بھارت میں جنم لینے والے دو سر والے بچے کی پیدائش سے ڈاکٹر حیران ہیں۔ اس بچے کے تین ہاتھ ہیں اور سینے میں دو دل دھڑک رہے ہیں۔میڈیارپورٹس کے مطابق رتلام ، مدھیا پردیش میں پیدا ہونے والے بچے اب بھی ہسپتال میں ہیں اورڈاکٹر ان کی نگرانی کررہے ہیں۔ اس پیدائشی نقص کو طب کی زبان میں ڈائی سیفیلک پیراپیگس کہا جاتا ہے جس میں ایک دھڑ پر ایک اور اضافی سر یا عضو بن جاتا ہے۔ ایسے بچے عموما مردہ پیدا ہوتے ہیں لیکن اب تک یہ بچے زندہ ہیں جو ایک اور حیرت انگیز امر ہے۔سہیل اور شاہین خان اس کے والدین ہیں جنہیں پہلے ہی اس واقعے سے آگاہ کردیا گیا تھا۔ ہسپتال کی سینیئر ڈاکٹر لاہوتی نے زندہ بچوں کو ایک معجزہ قرار دیا ہے جس میں دو بچے ایک ہی دھڑ پر باہم پیوست ہوجاتے ہیں۔ دونوں سروں کے عین درمیان ایک اور ہاتھ بھی اگ آیا ہے۔ تاہم اس وقت ڈاکٹروں نے کسی بھی قسم کی سرجری یا آپریشن سے انکار کیا ہے۔شروع میں اہلِ خانہ کو یہی بتایا گیا تھا کہ رحم میں جڑواں بچے ہیں لیکن چند ماہ بعد دونوں سر ایک ہی جسم پر منتقل ہوئے اور اب سی سیکشن سرجری کے بعد دو سر والے لڑکے کی پیدائش ہوئی ہے جس کا ابتدائی وزن پونے چار کلوگرام بتایا گیا ہے۔
بھارت میں2دل ‘ 2سر‘ 3 ہاتھوں والے بچے پیدائش
Apr 01, 2022