روم، لندن (اے پی پی+ آئی این پی+ این این آئی) یوکرائن میں روسی فوجیوں نے غلطی سے اپنا ہی طیارہ مار گرایا۔ برطانیہ کی خفیہ ایجنسی کے سربراہ سر جیرمی فلیمنگ نے بیان میں کہا روسی فوجیوں کے حوصلے پست ہیں اور وہ احکامات پر عمل نہیں کر رہے ہیں۔ یوکرائن میں روس کے لئے صورتحال انتہائی خراب ہے لیکن صدر پیوٹن کے مشیر انہیں سچائی بتاتے ہوئے ڈرتے ہیں۔ یوکرائن میں روسی فوجی دلبرداشتہ ہیں، ان کے پاس اسلحے کی کمی ہے۔ اقوام متحدہ کے ادارہ برائے مہاجرین نے بتایا ہے کہ یوکرائن پر روسی فوجی حملے کے بعد مختلف یورپی ممالک میں بطور مہاجر پناہ لینے والے یوکرائنی شہریوں کی تعداد اب4 ملین سے بھی زیادہ ہو گئی ہے۔24 فروری سے جاری جنگ کے باعث اب تک 40 لاکھ 19 ہزار سے زائد شہری یوکرائن سے رخصت ہو چکے ہیں۔ ان کے مطابق مہاجرین کی سب سے بڑی تعداد نے ہمسایہ ملک پولینڈ کا رخ کیا ہے۔ جن کی تعداد لگ بھگ 23لاکھ سے زیادہ بنتی ہے۔ اٹلی کے وزیر اعظم ماریو دارگی روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کے درمیاں ٹیلی فونک رابطہ ہوا ہے۔ اٹلی کے وزیر اعظم نے روسی صدر سے فوری اور مؤثر جنگ بندی کا مطالبہ کیا۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ فون پر ہونے والی بات چیت روس اور یوکرائن کے درمیان مذاکرات اور تازہ ترین پیش رفت پر مرکوز تھی۔ روسی صدر نے روبل میں ادائیگیوں کے منصوبے کی تفصیل سے بھی اطالوی وزیر اعظم کو آگاہ کیا۔
یوکرائن میں روسی فوجیوں کے حوصلے پست، اسلحہ کی کمی، احکامات نہیں مانتے، طیارے کو غلطی سے نشانہ بنایا گیا
Apr 01, 2022