سرگودھا (نمائندہ خصوصی) وزیر صحت پنجاب یاسمین راشد نے سرگودہا ڈویژن میں نیا پاکستان قومی صحت کارڈ کا افتتاح کرتے ہوئے کہا کہ صوبہ پنجاب تین کروڑ سے زائد خاندانوں کو دس لاکھ روپے کی سالانہ صحت عامہ کی مفت سہولیات میسر ہوں گی۔ ذرائع کے مطابق صوبائی وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد نے سرگودھا آمد پر یونیورسٹی آف سرگودھا میں منعقدہ نیا پاکستان قومی صحت کارڈ کی تقسیم کے لئے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج سے پنجاب کی سو فیصد آبادی قومی صحت کارڈ سے مستفید ہو رہی ہے۔ مئی 2021ء کو اس بڑے منصوبے کا آغاز ڈی آئی خان سے ہوا جو سرگودہا میں مکمل ہو گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پنجاب کے 813 ہسپتال اس پروگرام کے پینل پر ہیں، جہاں 81 ہزار سے زائد بیڈز دستیاب ہیں۔ اب تک 10لاکھ خاندان اس کارڈ سے استفادہ کر چکے ہیں۔ اس کارڈ کے ذریعے اب تک پونے دو لاکھ افراد نے گردوں کا علاج کروایا ہے۔ انہوں نے کہاکہ وزیر اعظم عمران خان نے جو خواب دیکھا وہ آج پورا ہو گیا۔ سرگودھا ڈویژن کے چاروں اضلاع سرگودھا، میانوالی، خوشاب اور بھکر میں قومی صحت کارڈ کا اجراء 31 مارچ سے شروع کر دیا گیا، اس موقع پر سیکرٹری صحت پنجاب ڈاکٹر جاوید قاضی نے کہا کہ پنجاب بھر کے تین کروڑ سے زائد خاندانوں کو ہیلتھ انشورنس فراہم کر دی گئی ہے۔ جن کے حامل افراد کی جیب خالی بھی ہو تو وہ صحت خراب ہونے کی صورت میں ہسپتال میں علاج کرا سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں 813ہسپتالوں میں ہیلتھ کارڈ سے علاج ہو سکتا ہے جس کے لئے چار سو ارب کے پراجیکٹس سے عوام کو یہ سہولت دی گئی اور 10 لاکھ لوگ اب تک اس سہولت سے فائدہ اٹھا چکے ہیں جبکہ پانچ ہزار 880 لوگ روزانہ مفت علاج کروا رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ اس کارڈ پر 850 مختلف بیماریوں کے علاج ہو رہے ہیں اور دو لاکھ سے زائد لوگوں کو گردے کے مرض کا علاج فراہم کیا گیا۔